سپورٹس بورڈ ‘فیڈریشن اختلافات‘قومی ٹیبل ٹینس ٹیم ایشین چیمپئن شپ سے آئوٹ
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے اختلافات اور حکومت کی جانب سے این او سی نہ ملنے کی وجہ سے پاکستان ٹیبل ٹینس ٹیم کے کھلاڑی رواں ماہ دوحا قطر میں کھیلی جانیوالی ایشین ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں حصہ نہیں لے سکیں گے ۔پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے نائب صدر عرفان اللہ نے کہا کہ پی ایس بی کے تاخیری حربے کی وجہ سے کھلاڑی ایشیائی مقابلے میں شر یک نہیں ہوسکیں گے۔ پی ایس بی کے ڈی جی کرنل (ر) آصف زمان نے کہا کہ این او سی کے کا غذات مثبت سفارش کیساتھ مجاز اتھارٹی کو بھیج دیے تھے۔فیڈریشن حکام کا کہنا ہے کہ ہم چین کیساتھ دوستی کا دعویٰ کرتے ہیں مگر اسی کے گیم میں کھلاڑیوں کو شریک نہیں ہونے دیتے۔ ایشین ایونٹ میں انٹری کے لئے منتظمین نے ہماری درخواست پر 24 ستمبر تک کی ڈیڈلائن دی تھی۔ پاکستان کے پانچ مرد اور پانچ خواتین کھلاڑیوں کو ایشین چیمپئن شپ میں حصہ لینا تھا، ان میں قومی چیمپئن شاپ خان، رمیز خان، فہد، عاصم قریشی اور بلال یاسین کے علاوہ پرنیا خان (قومی چیمپئن)، حائقہ (کراچی) صنم، ثناء اور عائشہ فہیم شامل تھے۔ کھلاڑیوں کو آج قطر روانہ ہونا تھا۔کھلاڑیوں نے مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت اور فیڈریشن کی لڑائی میں کھلاڑیوں کو نقصان کیوں پہنچایا جاتا ہے ۔سابق کھلاڑیوں نے وزیراعظم عمران خان سے اپیل کی ہے کہ وہ صورتحال کا نوٹس لیں اور ذمہ داروں کیخلاف ایکشن لیا جائے۔