• news

شہباز شریف نیب کے ملزم، چیئر مین کی تعیناتی کیلئے مشاورت نہیں کرینگے : فواد چودھری 

اسلام آباد +جہلم(نوائے وقت رپورٹ+نامہ نگار) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ نیب نے شہبازشریف کو ملزم ڈیکلیئر کیا ہوا ہے۔ نئے چیئرمین نیب کیلئے شہبازشریف سے مشاورت نہیں کریں گے۔ شہبازشریف سے اگلے چیئرمین نیب سے متعلق پوچھنے کا مطلب ہے ملزم سے پوچھیں تفتیش کون کرے گا۔ وزیر قانون اٹارنی جنرل اس پر کام کررہے ہیں جو حل لے کر آئیں گے اس پر عمل کریں گے۔ آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی دوتہائی اکثریت سے وفاقی حکومت بنائے گی۔ اس مرتبہ حکومت بنانے کیلئے اتحادیوں کو اپنے ساتھ جوڑنے کی ضرورت پیش آئی جس کی وجہ سے کمپروائزبھی کرنا پڑا۔ اگلے انتخابات میں ن لیگ اور پی پی بکھر جائے گی۔ پنجاب میں لوگوں کو 5 کروڑ کی پیشکش کی کہ پی پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں۔ پی پی کے پاس پنجاب میں الیکشن لڑنے کیلئے امیدوار ہی نہیں مسلم لیگ ن میں مریم نواز اور شہبازشریف میں قیادت کیلئے ہفتہ وار ٹاس ہوتا ہے۔ 2023 کا الیکشن مسلم لیگ ن اور پی پی کا آخری الیکشن ہوگا۔ عمران خان جیت کر دوبارہ حکومت بنائیں گے۔ الیکشن کمشن کے ساتھ کوئی ذاتی جھگڑا نہیں کئی بار اختلافات بھی ہوجاتے ہیں معاملات جلد بہتر ہوجائیں گے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ عمران خان نے نریندر مودی کو للکارا اس سے پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا۔ کلبھوشن یادیو کو گرفتار کیا تو نوازشریف نے کہا کمنٹ نہیں کروں گا وزیراعظم ہر معاملے میں عوام کے دلوں کی ترجمانی کرتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن