حقانی نیٹ ورک کیساتھ لین دین کی اجازت، طالبان کو فضائی حملوں کی اطلاع ضروری نہیں : امریکہ
واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ) امریکہ نے عالمی تنظیموں کو طالبان اور حقانی نیٹ ورک سے لین دین کی اجازت دیدی۔ ہفتے کونجی ٹی وی کے مطابق امریکہ افغانستان میں امداد کے بہائو کی مزید راہ ہموار کرنے کے لیے دو لائسنس جاری کر رہا ہے، کیونکہ امریکا کو خدشہ ہے کہ اس کی طالبان پر عائد پابندیاں افغانستان میں انسانی بحران کو بڑھا سکتی ہیں، امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق ایک لائسنس امریکی حکومت، این جی اوز اور اقوام متحدہ سمیت مخصوص عالمی تنظیموں کو طالبان یا حقانی نیٹ ورک کے ساتھ لین دین میں ملوث ہونے کی اجازت دیتا ہے۔ علاوہ ازیں پینٹاگون پریس سیکرٹری جان کربی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ افغانستان میں فضائی حملوں کیلئے طالبان کو بتنا ضروری نہیں۔ انسداد دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کیلئے تمام اہم حکام سے رابطہ ہے۔ فضائی حملوں کیلئے استعمال ہونے والی صلاحیتوں پر یقین رکھتے ہیں۔ فضائی حملوں میں معاون رابطوں کیلئے مخصوص اصولوں کی ضرورت نہیں۔ طالبان نے فی الحال فضائی حدود سے متعلق بات کرنے کی ضرورت نہیں۔ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں آگے بھی کوئی رکاوٹ نہ ہونے کی توقع ہے۔ امریکہ افغانستان میں دہشت گردوں کے خلاف فضائی کارروائی کا حق رکھتا ہے۔