• news

حضرت داتا گنج بخشؒ کا عرس شروع‘ کرونا سے حفاظت کیلئے خصوصی دعا

لاہور (خصوصی نامہ نگار+سٹی رپورٹر) حضرت داتا گنج بخشؒ کے978 ویں سالانہ عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات کا افتتاح  ہوگیا۔ تقریبات آج بروز پیر اور کل منگل تک جاری رہیں گی۔ آخری روز تہجد کے وقت رقت انگیز دعاؤں کے ساتھ اختتام ہوگا۔ صاحبزادہ پیر سید سعید الحسن شاہ وزیر اوقاف پنجاب نے رسم چادر پوشی سے سالانہ عرس کی تقریبات کا افتتاح کیا۔ خطیب داتا دربار مفتی رمضان سیالوی نے ملک وقوم کی فلاح بالخصوص کرونا سے حفاظت کی دعا کروائی۔ دودھ کی سبیل کا حسب روایت افتتاح کیا گیا۔ سبیل کے افتتاح میں آزاد کشمیر کے ڈپٹی سپیکر چودھری ریاض گجر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ قومی محفل حسن قرأت کا بھی آغاز ہوا۔ آج علمی و روحانی دروس کے اجلاس کا آغاز ہوگا۔ محفل سماع صبح 10 بجے شروع ہوگی۔ قومی محفل حسن نعت، خصوصی محفل ختم شریف، خصوصی دعا اور قرآن خوانی بھی آج کے پروگراموں کا قابل ذکر حصہ ہیں۔ ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ داتا دربار کا دورہ کیا اور عرس تقریبات میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ تقریب میں شرکت کی۔ سی سی پی او لاہور، ایڈمنسٹریٹر اوقاف، اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیضان احمد اور دیگر بھی ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ کے ہمراہ تھے۔ داتا دربار کے اندر داخلی پوائنٹ کو چیک کیا۔ سبیل کے انتظامات دیکھے۔ داتا دربار عرس کی تقریبات میں شرکت کرنے والوں کی سخت چیکنگ کی جا رہی ہے۔ ڈی سی اسسٹنٹ کمشنر سٹی فیضان احمد کو داتا دربار کے اطراف میں ریڑھیوں اور پھٹوں کو نہ لگانے کی ہدایت بھی کی۔

ای پیپر-دی نیشن