اپوزایشن چوٹی سوچ سے نکل کر قومی مفاد کا خیال کرے : عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب کی جامعات میں چپ ڈیزائننگ ٹولز پراجیکٹ شروع کیا جا رہا ہے۔ ہائر ایجوکیشن اور نجی شراکت دارکے درمیان معاہدے کے بعد ضروری کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلی آفس میں صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں سے ملاقات میں کیا گیا۔ صوبائی وزیر راجہ یاسر ہمایوں نے بتایا کہ پنجاب کی جامعات میں چپ ڈیزائننگ ٹو لز پراجیکٹ سے نہ صرف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں انقلاب آئے گا بلکہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا کہ جدید تعلیم ہر بچے کا حق ہے۔ ہر ضلع میں یونیورسٹی بننے سے طلبہ کو گھر کے قریب اعلیٰ تعلیم کے مواقع ملیں گے۔ سیالکوٹ میں سٹیٹ آف دی آرٹ انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام سے نہ صرف مقامی انڈسٹری کو فائدہ ہو گا بلکہ نوجوان انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کی اعلی تعلیم حاصل کرسکیں گے۔ اس موقع پر بتایا گیاکہ پنجاب میں مزید 86نئے کالجز قائم کئے جائیں گے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ تعلیم دوست اقدامات کی بدولت عالمی اور ایشیائی رینکنگ میں پنجاب کی 21یونیورسٹیوں کی شمولیت باعث فخر وانبساط ہے۔ علاوہ ازیں ایک بیان میں وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ پاکستان کے مفادات کے سامنے ذاتی مفادات کی کوئی حیثیت نہیں۔ اپوزیشن کو چھوٹی سوچ سے نکل کر وسیع تر قومی مفاد کا خیال رکھنا چاہیے۔ پاکستان کے مفاد کے خلاف کام کرنا حب الوطنی نہیں ہے۔ اپوزیشن کی سیاست کا مقصد اپنی کرپشن کو بچانا ہے۔ سابق حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کے باعث ملک اپنی اصل منزل سے ہٹ گیا۔ ماضی کی حکومتوں نے دعوے زیادہ کیے اور کام کم۔ سابق حکمرانوں نے نمائشی منصوبے شروع کرکے عوام کی ضروریات کو نظر انداز کیا۔ ہماری حکومت نے تین برس کے دوران عوامی فلاح کے بے شمار پراجیکٹس شروع کیے ہیں۔ عوام کی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے سیاحت کے عالمی دن پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان قدرتی خوبصورتی، مذہبی سیاحت اور تاریخی مقامات سے مالامال ہیں۔ وزیراعلی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیاحت کو فروغ دے کر پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے عالمی سطح پر اپنی مدبرانہ لیڈرشپ کو تسلیم کرالیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کا جنرل اسمبلی سے خطاب عالمی صورتحال پر فصیح و بلیغ تبصرہ ہے۔ عالمی برادری اسلامو فوبیا کے تدارک کے لئے وزیر اعظم عمران خان کی تجویز پر فوری عملدرآمد یقینی بنائے۔ وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں مودی اور بھارتی انتہا پسندی کو بے نقاب کر دیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں افغانستان کے حوالے سے ممکنہ انسانی بحران کی بروقت نشاندہی کی۔