بھارتی رائٹر کیول دھیر کی کتاب ’’میں لاہور ہوں‘‘ کی تقریب رونمائی
لاہور(سپیشل رپورٹر) لدھیانہ میں مقیم معروف انڈین رائٹر کیول دھیر نے اپنے لڑکپن کے ماہ و سال کی یادداشتوں کو یکجا کرکے قدیم لاہور کی ادبی تاریخی اور معاشرتی پہلووںکی تفصیل کتاب ’ میں لاہور ہوں‘ میں درج کی ہے۔ کتاب کے دو ایڈیشن شائع ہوچکے ہیں۔ تیسرا ایڈیشن دربان پبلیکیشنز کے ماجد مشتاق نے شائع کیا ہے۔ ’ میں لاہور ہوں‘ کی تقریب رونمائی ماڈل ٹاؤن پارک کے تکیہ تارڑ میں معروف ادیب مستنصرحسین تارڑ کی زیرصدارت منعقد ہوئی۔کتاب کے مصنف کیول دھیر کا ویڈیو لنک کے ذریعے شرکاء سے بات چیت کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔تقریب کے شرکا سے بات کرتے ہوئے مستنصر حسین تارڑ نے کہا کہ اس شہر کی فضاؤں میں ایسے طلسم سرگوشیاں کرتے ہیں کہ کسی نے بھی انہیں سناتو وہ ہمیشہ کے لیے اس شہربیمثال کا ہوگیا۔آپ کرشن چندر، راجندر سنگھ بیدی، امرتا پریتم، خوشونت سنگھ، پران ، اوم پرکاش ، دیوآننداورکامنی کوشل سے پوچھئے کہ جب مجبوراََ انہیں لاہور چھوڑنا پڑا تو ان پر کیا گزری؟۔کیول دھیر کو دھیرے دھیرے پڑھتے آپ بھی لاہور کے طلسم میں گرفتار ہوجائیں گے۔انہوں نے اس کتاب کو کیول دھیر کی جانب سے اہل پاکستان کے لیے تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ لاہور میرا محبوب شہر ہے اور میرے محبوب بارے جو بھی پیار سے کچھ لکھے گا وہ مجھے پیارا ہوگا۔