ڈینگی مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے،یاسمین راشد
لاہور(سٹی رپورٹر)صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، راولپنڈی کے الائیڈ ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے 49 مریض زیر علاج ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے چھ نئے مریض رپورٹ ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2019 میں راولپنڈی میں ڈینگی وبا کی طرح پھیلا اور صوبائی حکومت مسلسل منصوبہ کرتی رہی ہے کہ دوبارہ ایسی صورتحال نہ پیدا ہو۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ابھی تک ڈینگی وبا کی صورت میں سامنے نہیں آیا مگر پھر بھی انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے اور انتظامیہ اور سرکاری محکموں کے علاوہ ہر شہری کو اپنے گھر اور اردگرد کے ماحول سے ڈینگی لاروا کی تلفی کو یقینی بنانا ہو گا۔یہ بات انہوں نے بینظیر بھٹو ہسپتال میں پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر محمد عمر اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔