بھارت اقلیتوں کیلئے غیر محفوظ ملک بن چکا، عبدالغفور راشد
لاہور(خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جمعیت مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے بھارت میں مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈیا اقلیتوں کے لئے غیر محفوظ ملک بن چکا ہے۔ افسوسناک پہلو یہ ہے کہ بھارت کی فوج، پولیس اور صحافی بھی اقلیتوں کے قتل عام اوران پرتشدد میں ملوث ہیں۔ عوام کی جان و مال، عزت و آبرو اور شہری حقوق کا تحفظ ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ انڈیا میں ریاستی ادارے اتنے گر چکے ہیں کہ وہ ہندوتوا کی پالیسی پر عمل کر رہے ہیں اور مسلمانوں کو ختم کرنے پر تل چکے ہیں تو اس سے ہندوستان کو تباہی سے کوئی نہیں بچا سکتااور اس میں مزید پاکستان تشکیل پائیں گے۔