داتا گنج بخشؒ عرس سکیورٹی ‘ایس پیز سمیت اڑھائی ہزار پولیس افسر ‘اہلکار ڈیوٹی دینگے
لاہور(نامہ نگار)حضرت داتا علی ہجویریؒ کے978 ویں عرس کے پہلے دن لاہور پولیس کے سکیورٹی کے سخت انتظامات دیکھنے میں آئے۔اس موقع پر ایس پیز، ڈی ایس پیز سمیت اڑھائی ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان سکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔سی سی پی اولاہور پولیس غلام محمود ڈوگر نے احاطہ داتا دربار، لنگر خانہ اور پارکنگ سمیت ملحقہ علاقوں کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر لاہور عمر شیر چٹھہ اور متعلقہ پولیس افسران بھہ ان کے ہمراہ تھے۔سی سی پی او غلام محمود ڈوگر نے ایس پی سٹی اور انچارج سکیورٹی داتا دربار کو سکیورٹی امور بارے ہدایات دیں۔انہوں نے داتا دربار کے داخلی راستوں پر زائرین کی چیکنگ و جسمانی تلاشی کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔عرس ے موقع پر ایس پیز، ڈی ایس پیز سمیت اڑھائی ہزار سے زائد پولیس افسران اور جوان سکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔سی سی پی او لاہور نے منتظمین عرس کو ہدایت کی کہ کورونا وباء کے خطرات کے پیش نظرعرس میں شرکت کرنے والے زائرین اور عقیدت مندوں کو ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ کی ایس او پیز پر عملدرآمد کی تاکید کریں۔ ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران اور جوان انتہائی الرٹ ہوکر ڈیوٹی کریں اور مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھیں۔ زائرین کو مکمل چیکنگ کے بعد ہی دربار کے احاطہ میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے۔ ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس ٹیمیں داتا دربار اور ملحقہ سڑکوں پر موثر پٹرولنگ کری جبکہ بلند عمارتوں پرتعینات سنائپرز دربار کے اطراف میں ہونے والی نقل و حرکت اور مشتبہ افراد پرکڑ ی نظر رکھیں۔غلام محمود ڈوگر نے پولیس اور سکیورٹی عملہ کو زائرین کیساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایت بھی کی۔سربراہ لاہور پولیس سے ملاقات میں زائرین اور عقیدت مندوں نے لاہور پولیس کے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔