حافظ آباد: نئی موٹر سائیکلوں کی پکڑ دھکڑ،پولیس شہریوں کو عدالت کے چکر لگوانے لگی
حافظ آباد(نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت)حافظ آباد سٹی پولیس کی جانب سے اپلائیڈ فار موٹرسائیکلوں کو پکڑ کرپولیس آرڈر 2002کے تحت 134کی کاروائی کرنے کی بجائے 550 ض ف کی کاروائی کئے جانے پر شہری سراپا احتجاج بن گئے۔متاثرین نے سٹی پولیس کے اختیارات سے تجاوز کرنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پہلے اپلائیڈ فار موٹرسائیکل کے پکڑے جانے پر 134کی کاروائی کی جاتی تھی جس پر مالک موٹرسائیکل اپنے ملکیت کا ثبوت دیکھا کر موٹرسائیکل لے لیتا تھا اور محکمہ ایکسائز سے نمبر لگوالیتا تھا۔ لیکن اب پولیس نے گذشتہ کئی ہفتوں سے اپنے اختیارات سے تجاوز کرکے اپلائیڈ فار موٹرسائیکلوں کے پکڑنے پر 550کی کاروائی شروع کررکھی ہے حالانکہ 550 ض ف کی دفعہ لاوارث چیز کے لئے متعین ہے۔جس کی وجہ سے اب متاثرہ شہریوںکو موٹر سائیکل حاصل کرنے کے لئے عدالتوں میں جاکر سپرداری کروانے کے لئے ذلیل وخوار ہونا پڑ رہاہے۔ متاثرین کاکہنا تھا کہ پولیس موٹرسائیکلیں چرائے جانے کی وارداتوںکوروکنے میںناکام ہونے کے بعد اپنے اختیارات سے تجاوز کرکے نہ صرف شہریوںکو پریشان کررہی ہے بلکہ اسکی وجہ سے قسطوںپر موٹر سائیکل خریدنے والے شہری رل کر رہ گئے ۔