پنڈی بھٹیاں میں صفائی کی ابتر صورتحال، تجاوزات کی بھرمار
پنڈی بھٹیاں( نمائندہ خصوصی) انتظامیہ کی بے حسی اور منتخب نمائندوں کی عدم توجہی سے شہریوں کے مسائل میں کمی کی بجائے اضافہ ہورہا ہے شہر بھر میں صفائی کی ابتر صورتحال ہے پورا شہر فلتھ ڈپو کا منظر پیش کر رہا ہے جگہ جگہ گندگی کے ڈھیروں سے تعفن اٹھ رہا ہے جس سے سانس لینا بھی دشوارہو گیا ۔نالیاں اور نالے گندگی سے اٹے ہوئے ہیں ، نکاسی آب کا نظام جام ہو چکا ، نالیوں کا گندا پانی گلیوں اور بازاروں اور سڑکوں پر جمع ہوکر جوہڑ کا منظر پیش کر رہا ہے شہر میں آوارہ کتوں کی بھرمار ہے اور کتوں کے کاٹنے کے بھی متعدد واقعات ہو چکے لیکن انہیں تلف نہیں کیا جارہا شہر بھر میں تجاوزات کی بھر مار سے بازاروں اور مارکیٹوں سے پیدل گزرنا دشوار ہوچکا جبکہ سڑکوں پر ٹھیلوں والوں نے تجاوزات قائم کر رکھی ہیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثرہوتی ہے انتظامیہ کی ملی بھگت سے حافظ آباد روڈ پر ناجائز طور پر سبزی منڈی قائم ہو چکی جس سے صبح کے اوقات میں گزرنا محال ہو جاتا ہے۔ واضح رہے کہ اسسٹنٹ کمشنر عوامی مسئل کے حل کیلئے متحرک نظر آئے تھے مگر اب خاموش بیٹھے ہیں جس سے شہریوں کی پریشانیوں میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔