• news

کشمیریوں پر مظالم‘ عالمی برادری بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے: پاکستانی مندوب

اسلام آباد (رپورٹ: عبدالستار چودھری) پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارت کے اس کھوکھلے دعوے کو کہ جموں و کشمیر اس کا اندرونی معاملہ ہے، مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کے مطابق ایک متنازعہ علاقہ ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کی رپورٹ میں مزید تفصیلات کے مطابق پاکستانی مندوب صائمہ سلیم نے کہا ہے کہ بھارت بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموں و کشمیر پر قابض ہے اور اس تنازعے کا حتمی فیصلہ اقوام متحدہ کے تحت رائے شماری کے ذریعے کیا جائے۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کیلئے سراسر جھوٹ بول رہا ہے۔ بھارت کشمیریوں کے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے حق کو مکمل  طور پر نظر انداز کر رہا ہے اور مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کا مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کا منصوبہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ مودی کے 5اگست 2019ء اور اس کے بعد کے اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بھی خلاف ورزی ہیں۔ بھارت کی طرف سے کشمیریوں کو ان کے پیدائشی  حق، حق خودارادیت دینے سے انکار کے سبب تنازع کشمیر تاحال لٹکا ہوا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ دنیا کی خاموشی نے بھارت کو جنوبی ایشیا میں اپنے مذموم عزائم کو آگے بڑھانے کا حوصلہ دیا اور پاکستان عالمی برادری پر زور دیتا ہے کہ وہ جموں وکشمیر میں گھنائونے جرائم کے لیے بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے۔

ای پیپر-دی نیشن