• news

ننکانہ میں جیل، محکمہ کے دفاتر بنانے کیلئے 2 ارب13 کروڑمنظور

لاہور (میاں علی افضل سے) پنجاب حکومت نے آئی جی جیل خانہ جات کی نئی بلڈنگ، 4 ڈی آئی جیز جیل خانہ جات کے ریجنل دفاتروں کی بلڈنگز کی تعمیر، ننکانہ صاحب میں نئی جیل کی تعمیر کے منصوبے سمیت جیل خانہ جات کے اربوں روپے کی منصوبوں کی منظوری دیدی ہے۔ جبکہ سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کی رہائش گاہ کی تعمیر کے لئے خصوصی طور پر 4کڑوڑ 24لاکھ 58ہزار روپے منظور کئے گئے ہیں۔ آئی جی جیل خانہ جات کے آفس کی نئی بلڈنگ پرانی بلڈنگ کیساتھ منسلک ہو گی۔ کیمپ جیل سے زمین لی جائے گی۔ جبکہ ڈی آئی جیز کے ریجنل دفاتر کی تعمیر کے حوالے سے ایک ریجنل آفس خصوصی طور پر فیصل آباد میں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے پنجاب حکومت نے مجموعی طور پر 2ارب 12کڑور 81لاکھ 80ہزار روپے کی منظوری دیدی ہے اور ان تمام منصوبوں کی جلد از جلد تعمیر کی ہدایت کی گئی ہے۔ فنڈز کی منظوری کے بعد ان تمام منصوبوں کے جلد آغاز کا امکان ہے۔ 4 ڈی آئی جیز کے دفاتر  کے لئے مجموعی طور پر 13کروڑ 4لاکھ 35ہزار روپے منظوری دی گئی ہے۔ ڈیرہ غازی خان جیل کی تزئین و آرائش کے لئے 10کڑوڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ ہائی سکیورٹی جیل ساہیوال میں سکیورٹی انتظامات کی بہتری کے لئے جیل کے اطراف مضبوط دیوار کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا۔ جس کے لئے 12کروڑ 40لاکھ 96ہزار روپے کی منظوری دیدی گئی ہے۔ ننکانہ صاحب میں نئی جیل کی تعمیر کے 1ارب 39کڑوڑ 66لاکھ 34ہزار روپے کی منظوری دیدی ہے۔ آئی جی جیل خانہ جات کی نئی بلڈنگ کی تعمیر کے لئے 33کروڑ 44لاکھ 85ہزار روپے کی منظوری دیدی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن