پاکستان میں بھارت فرقہ وارانہ فسادات کی سازش کر رہا: طاہر اشرفی
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہمیشہ بھارت فرقہ وارانہ فسادات کروانا چاہتا ہے۔ اس وقت پاکستان میں جو حالات ہیں سب کے سامنے ہیں۔ جامع مسجد کچہری بازار فیصل آباد میں کنونشن کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے علماء نے ایک پلیٹ فارم پر آکر تمام سازشوں کو ناکام بنایا۔ پاکستان کو انشاء اللہ مدینہ منورہ کی ریاست بننا ہے۔ یہاں ایک دن ضرور خلافت راشدہ کا نظام آئے گا۔ ہم بین المسالک رواداری کو ہمیشہ قائم رکھنے میں کردار ادا کریں گے۔ ہم کسی کو خوش کرنے کے لیے نظریہ پاکستان نہیں بدلیں گے۔ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فرقہ وارانہ فسادات پھیلانے کی سازش ہورہی ہے، پاکستان میں اب نوے یا اسی والا دور نہیں، ہم اب وہ دور واپس نہیں آنے دیں گے۔ یکساں نظام تعلیم پر بہت لوگوں کو تکلیف ہے۔ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے جو حالات ہیں وہ بہت واضح ہیں۔ ہمارے ہمسایہ ملک میں بہت بڑی تبدیلی آئی ہے۔ دہشتگردی کی جنگ میں ہمارے اسی ہزار لوگوں نے قربانی دی۔ آٹھ ہزار علماء کرام بھی شہید ہوئے۔ جنگ افغانستان میں تھی قربانی ہماری ہوئی۔ صحابہ کرام کی تعظیم ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔