چہلم شہداء کربلا آج عقیدت و احترام سے منایا جائیگا‘ڈبل سواری پر پابندی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) نواسہ رسول، حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کا چہلم آج عقیدت و احترام سے منایا جائے گا۔ ڈبل سواری پر پابندی ہو گی ۔ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں کی امام بارگاہوں میں مجالس عزاء بپا ہونگی۔ جس سے ممتاز علماء و ذاکرین شہدائے کربلا کی حیات طیبہ پرروشنی ڈالتے ہوئے نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانیوںکو خراج عقیدت پیش کریں گے جبکہ علم و ذوالجناح پر مشتمل ماتمی جلوس بھی نکالے جائیں گے۔ عزادار ماتم داری اور نوحہ خوانی کریں گے جبکہ زنجیر زنی بھی کی جائے گی۔ صوبائی دارالحکومت میں چہلم کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ سے شروع ہوکر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔