کشمیر پر 131 صفحات کے پاکستانی ڈوزئیر نے بھارت کو ہلادیا
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان کے بھارتی غیرقانونی قبضے والے کشمیر پر بھارتی بربریت پر ڈوزیئر کے اجراء کے معاملے میں پاکستان کے جارحانہ سفارتی اقدام کے مثبت نتائج سامنے آنے لگے۔ پاکستان کے 131 صفحات کے ڈوزیئر نے بھارت کو ہلا کر رکھ دیا۔ عالمی برادری بھارتی جنگی جرائم‘ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ششدر رہ گئی۔ بھارت سفارتی سطح پر ڈوزیئر کے اثرات زائل کرنے میں بری طرح ناکام ہو گیا۔ اقوام متحدہ انسانی حقوق کونسل ڈوزیئر سے متعلق کئی امور پر متحرک ہو گئے۔ انسانی حقوق کونسل کے خصوصی نمائندوں نے بھارتی حکومت کو سوال بھیجے۔ مودی سرکار نے انسانی حقوق کونسل کے کسی سوال کا جواب نہیں دیا۔ برطانوی ایوان نمائندگان اور یورپین پارلیمان میں ڈوزیئر پر مباحثے ہوئے۔ امریکی کانگریس اور متعلقہ کمیٹیوں میں بھی ڈوزیئر کی بازگشت سنائی دی۔ اسلامی تعاون تنظیم نے بھی ڈوزیئر کو انتہائی سنجیدہ لیا۔ اسلامی تعاون تنظیم رابطہ گروپ برائے کشمیر نے مظالم پر دلی کو آڑے ہاتھوں لیا۔ وزارت خارجہ نے ڈوزیئر 70 سے زائد ممالک کے سفارتی مشنز کو فراہم کیا۔ پاکستان میں غیرملکی سفرائ‘ ہائی کمشنرز ‘ سفارتکاروں کو بریفنگ دی گئی۔ بیرون ممالک پاکستانی مشنز نے ڈوزیئر متعلقہ حکومتوں کے حوالے کیا۔ یو این سیکرٹری جنرل‘ رکن ممالک کے مستقل مندوبین کو ڈوزیئر دیا گیا۔