مہنگائی کے اصل ذمہ دار عوام کو دھوکہ دینے والے سابق حکمران: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گوادر میں قائداعظم کے مجسمے کی بے حرمتی کے افسوسناک واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قائداعظم کے مجسمے کی بے حرمتی پر ہر پاکستانی افسردہ ہے اور یہ افسوسناک واقعہ نظریہ پاکستان پر حملے کے مترادف ہے۔ قائداعظم سے منسوب یادگار پاکستانیوں کودل و جان سے پیاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قابل مذمت واقعہ پاکستان کی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے اور بانی پاکستان کے مجسمے کی بے حرمتی کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ واقعہ میں ملوث عناصر کڑی سزا کے حقدار ہیں۔ قائد اعظم محمد علی جناح کا احسان ہم تا قیامت نہیں اتار سکتے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ڈینگی کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے خصوصی اجلاس ہوا، جس میں صوبہ بھر میں ڈینگی کے پھیلاؤ کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ڈینگی کے پھیلاؤ کے اسباب پر غور، تجاویز اور سفارشات پیش کی گئیں۔ وزیراعلیٰ نے ڈینگی سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات مزید موثر بنانے کا حکم دیا اور ڈینگی کنٹرول کے لئے عملے کی کا رکردگی کو مانیٹرکرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ڈینگی کو کنٹرول اور بچاؤ کے اقدامات میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سرویلنس ٹیموں کی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ ڈینگی کے حوالے سے غلط رپورٹ پیش کرنے پر کارروائی کی جائے۔ غیر ضروری سپرے کے نقصانات سے عوام کو آگاہ کرنا بہت ضروری ہے۔کرونا اور ڈینگی کے ساتھ بیک وقت نمٹنا چیلنج ہے، متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داری نبھانا ہوگی۔ اس موقع پر بتایا گیاکہ پنجاب میں تمام سرکاری ہسپتال ڈینگی کے حوالے سے پوری طرح الرٹ ہیں۔ع ثمان بزدار سے تحریک انصاف کے رہنما وسابق ضلع ناظم ساہیوال رائے حسن نواز نے ملاقات کی، جس میں عمومی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اپوزیشن کی منفی سیاست دم توڑ چکی ہے۔ شوبازیوں کا وقت گزرچکا۔ عوامی خدمت کے سامنے شعبدہ بازوں کی سیاست کی کوئی وقعت نہیں۔ ماضی میں منصوبے کم اور ناجائز اثاثے زیادہ بنائے گئے۔ پنجاب میں گزشتہ 10سال ڈرامے ہوتے رہے۔ عوام نے 2018ء کے الیکشن میں کرپٹ سیاستدانوں کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن کردی۔ آئندہ الیکشن میں اپنی شکست دیکھ کر اپوزیشن نے ابھی سے رونا دھونا شروع کر دیا ہے۔ 2023ء کے الیکشن میں صرف شفاف اور ایماندار قیادت ہی آگے آئے گی۔ ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی فیصل نیازی اور دیگر بھی موجود تھے۔ عثمان بزدار سے وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ صاحبزادہ محمد محبوب سلطان نے بھی ملاقات کی۔ رکن پنجاب اسمبلی رانا شہباز احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ پنجاب میں حقیقی ترقی کے سفر کا آغاز ہوچکا ہے۔ موجودہ مہنگائی کے اصل ذمہ دار عوام کو دھوکہ دینے والے سابق حکمران ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں کی شفاف اوربروقت تکمیل کیلئے ٹھوس میکنزم بنایا ہے۔ ترقی ہر ضلع کا حق ہے۔ پنجاب کی ترقی کے سفر کو رکنے نہیں دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں میں ارکان اسمبلی کی مشاورت کو اہمیت دی جارہی ہے۔