پاکستانی کوہ پیما سرباز خان ایک اور تاریخی کارنامہ سرانجام دینے کے قریب
لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستانی کوہ پیما سرباز خان نیپال کی داولا گیری پیک سر کرنے کیلئے کیمپ ٹو پر پہنچ چکے ہیں اور آئندہ 48گھنٹوں کے دوران وہ اس چوٹی کو سر کرلیں گے جس کے بعد سرباز 8 ہزار میٹر بلندی کی 9 مختلف چوٹیاں سر کرنے والے پہلے پاکستانی کو ہ پیما بن جائیں گے۔دنیا میں موجود 8 ہزار میٹر بلند 14 چوٹیوں کو سر کرنا ہر کوہ پیما کا خواب ہوتا ہے اور اب تک 44 کے لگ بھگ کوہ پیما ہی ان چوٹیوں کو سرکرنے میں کامیاب رہے ہیں جس میں کوئی پاکستانی شامل نہیں۔ہنزہ سے تعلق رکھنے والے 32 سالہ سرباز خان کی نظریں ان تمام چوٹیوں کو سر کرنے پر ہیں۔سرباز اب تک 8 ہزار میٹر بلند 8 مختلف چوٹیوں کو سرکرچکے ہیں اور اب نویں چوٹی سر کرنے کیلئے نیپال کی داولاگیری پیک کے کیمپ ٹو پر پہنچ چکے ہیں۔سرباز نے بیس کیمپ سے سفر شرو ع کیا اور موسمی دشواریوں کو برداشت کرتے ہوئے 6 ہزار میٹر پر کیمپ ٹو تک پہنچے ۔موسمی حالات کو دیکھتے ہوئے آج مہم دوبارہ شروع کریں گے۔بیس کیمپ سے روانگی کے وقت سرباز خان نے امید ظاہر کی تھی کہ وہ 30 ستمبر سے قبل داولا گیری پیک کو سر کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔