انگلش آل رائونڈر معین علی کا ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ
لاہور ( سپورٹس ڈیسک) انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز آل رائونڈر معین علی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی۔ وائٹ بال کرکٹ جاری رکھیں گے۔ معین علی نے جون 2014 میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا، انہوں نے 7 سالہ کیریئر میں 64 ٹیسٹ میچوں میں 5 سنچریوں اور 14 نصف سنچریوں کی مدد سے 2914 رنز بنائے، ان کا بہترین سکور 155 رنز ناٹ آئوٹ ہے۔ اس کے علاوہ معین علی نے 195 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ معین علی کا کہنا ہے کہ وہ زیادہ عرصہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے خواہشمند تھے، ٹیسٹ کرکٹ سے بہترین کوئی فارمیٹ نہیں، مختصر فارمیٹ کی کرکٹ پر اپنی توجہ مرکوز کرنے کے لئے ٹیسٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی نمائندگی کرنا اعزاز کی بات ہے، ون ڈے، ٹی 20 اور فرنچائز کرکٹ جاری رکھیں گے۔