آپریشن کے بہانے 4کشمیری شہید: متنازعہ زرعی قوانین کیخلاف مظاہرے دھرنا
سرینگر (کے پی آئی ‘ این این آئی) بھارت کے غیرقانونی قبضے والے جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران منگل کو ضلع بارہمولہ میں محاصرے‘ تلاشی کے دوران مزید 4 کشمیری نوجوان شہید کر دیئے۔ پلوامہ سمیت وادی کے کئی علاقوں میں بھارت کی بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی اور متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ جبکہ شمالی کشمیر میں آگ لگانے کی ایک واردات کے دوران دو مکان نذرآتش ہوگئے۔ کئی نوجوانوں کو گرفتار کر لیا۔ قابض فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے دراندازی کی ایک اور کوشش ناکام بنا دی ہے جس میں ایک عسکریت پسند کو مارا گیا جبکہ اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ سرینگر ائیرپورٹ پر ایک بھارتی فوجی کو اس کے سامان سے ہتھیار برآمد ہونے پر گرفتار کر لیا گیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر ائرپورٹ پر بھارتی فوج کی 17راج رائفلز کے حوالدار پون سنگھ کے سامان سے انساس رائفل کی گولی برآمد ہونے پر اسے گرفتار کیا گیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انڈین فوجیوں نے ایک ہفتے میں 7 نوجوانوں کو شہید کیا ہے۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے رہنما یوسف تاریگامی کی قیادت میں ریلی نکالی اور دھرنا دیا گیا۔ انہوں نے کہا مودی نے زراعت تباہ کر دی۔ بھارت میں خوراک کا تحفظ خطرے میں پڑ جائے گا۔