• news

مریم نواز‘ صفدر کی اپیلوں پر روزانہ سماعت‘ نیب کی درخواست پر نوٹس جاری

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی کی عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی اپیلوں پر سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کی درخواست پر مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو جواب کیلئے نوٹس جاری کر دیئے۔ نیب کی طرف سے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کر کے 30 دن میں فیصلہ کرنے کی درخواست پر پراسیکیوٹر نے کہاکہ قانون کے مطابق اپیل پر 30 دن میں فیصلہ ہونا چاہیے۔ مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی جانب سے 2018ء  سے التوا لیا جا رہا ہے، ایسا رویہ تو سول کورٹ کے ساتھ اپنایا جائے تو وہ بھی قابل مذمت ہے۔ عدالت نے کہا کہ کیا نیب صرف مریم نواز کے کیس میں روزنہ سماعت چاہتا ہے؟۔ نیب نے صرف مریم نواز کی اپیل کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی درخواست دائر کی۔ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی اپیل پر روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی درخواست دائر نہیں کی گئی۔ نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ نہیں، ہم سب اپیلوں پر روزانہ سماعت چاہتے ہیں۔ اگر تیس دن میں فیصلہ نہ بھی ہو تو کم از جلد تو ضرور ہو۔ ہم عدالت سے ساڑھے تین سال بعد یہ درخواست کر رہے ہیں، کئی تیس دن گزر چکے، ملزموں نے پانچ وکیل کر رکھے لیکن کیس نہیں چل رہا۔ عدالت نے  سماعت 6 اکتوبر تک کیلئے ملتوی کردی۔ ادھر اسی ڈویژن بنچ میں زیر سماعت فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کیخلاف نیب اپیل پر سماعت کے دوران عدالت نے کہاکہ نیب فلیگ شپ میں شواہد کا بریف تیار کر کے پیش کرے، عدالت نے سماعت 17 نومبر تک ملتوی کردی۔

ای پیپر-دی نیشن