بین الصوبائی اتھلیٹکس یوتھ ٹورنامنٹ ‘پنجاب 20میڈلز جیت کر سر فہرست
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پنجاب کے کھلاڑی (انڈر17بوائز اور انڈر16 گرلز) پشاور میں بین الصوبائی اتھلیٹکس یوتھ ٹورنامنٹ میں20 میڈلز جیت کر سرفہرست ہیں، دوسرے روز تک سونے کے 9،چاندی کے 8 اور کانسی کے3 تمغے ، گرلز نے سونے کے پانچ، چاندی کے چار اور کانسی کا ایک تمغہ جیتا، بوائز نے سونے کے چار، چاندی کے چار اور کانسی کے دو میڈلز جیتے۔، پنجاب کے بوائز 59پوائنٹس کیساتھ ٹاپ پر ہیں جبکہ خیبر پی کے 47 پوائنٹس کیساتھ دوسرے اور سندھ 14پوائنٹس کیساتھ تیسرے نمبر پر ہے، پنجاب کی گرلز اتھلیٹس 63پوائنٹس لیکر پہلے، خیبر پختونخوا 36پوائنٹس لیکر دوسرے نمبر پر ہے۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عدنان ارشداولکھ نے میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں سے قیوم سٹیڈیم میں ملاقات کی اور ان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی جیت کا جذبہ برقرار رکھیں۔ کھلاڑیوں کو ٹورنامنٹ کی تیاری کیلئے سات روزہ تربیتی کیمپ میں کوچز نے تربیت دی جس کے ثمرات میڈلز کی شکل میں سامنے آرہے ہیں، انہوں نے ٹیم انتظامیہ اور کوچز کو ہدایت کی آئندہ ہونیوالے مقابلوں میں بھی محنت کریں اور کھلاڑیوں کی بھرپور تیاری کرائیں، انشاء اللہ پنجاب میڈلز کی دوڑ میں سب سے آگے ہوگا۔بین الصوبائی اتھلیٹکس یوتھ ٹورنامنٹ میں دوسرے روز پنجاب کی خدیجہ نے ڈسکس تھرو(گرلز) میں سونے کا تمغہ جیتا، رمشا قیوم اور آمنہ شہزادی نے لانگ جمپ اور 100میٹر ہرڈلز ریس میں سونے کے تمغے جیتے،عروبہ نے 100میٹر ریس، آمنہ شہزاد ی نے لانگ جمپ اور رمشا نے 100میٹر ریس میں چاندی کے تمغے جیتے، مومنہ نے کانسی کا تمغہ جیتا، بوائز ایونٹس میں پنجاب کے سخاوت نے 100 اور 400 میٹر ہرڈلز ریس میں سونے کے تمغے جیتے، عبداللہ اور ریاض نے ڈسکٹس تھرو اور لانگ جمپ میں سونے کے میڈلز جیتے، شاٹ پٹ میں اعظم نے چاندی کا تمغہ جیتا، ڈسکس تھرو میں اعظم اور لانگ جمپ میں سلیم اللہ نے چاندی کے تمغے جیتے، شاپ پٹ میں عبداللہ نے کانسی کا تمغہ جیتا، ڈسکس تھرو(بوائز) کے ایونٹس میں پنجاب کے عبداللہ نے سونے کا تمغہ جیتا، پنجاب ہی کے اعظم نے چاندی کا تمغہ جیت لیا، شاٹ پٹ کے ایونٹ میں خیبر پختونخوا کے منان نے سونے کا تمغہ جیتا، پنجاب کے محمد اعظم اور عبداللہ نواز نے چاندی اور کانسی کے تمغے جیتے۔