لاہور‘ اسلام آباد‘ شیخوپورہ میں کرکٹر حفیظ سمیت 14 افراد ڈینگی میں مبتلا
لاہور، شیخوپورہ‘ اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ خصوصی+ خبر نگار) قومی کرکٹ محمد حفیظ ڈینگی بخار میں مبتلا ہو گئے۔ کرکٹر محمد حفیظ گزشتہ ہفتے گیسٹرو وائرل کی وجہ سے فوڈ پوائزنگ کا شکار ہوئے تھے۔ جس کی وجہ سے وہ اسلام آباد سے لاہور واپس آ گئے اور نیشنل ٹی ٹونٹی کا پہلا مرحلہ نہ کھیل سکے۔ اسلام آباد سے خبر نگار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 10 شہری ڈینگی وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔ ڈی ایچ او اسلام آباد ڈاکٹر زعیم ضیاء کے مطابق ڈینگی مریضوں کی تعداد 217 ہو گئی۔ ڈاکٹر زعیم ضیاء کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے دارالحکومت کے دیہی علاقوں میں 152 اور شہری علاقوں میں 65 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ ڈینگی سے ترلائی کے علاقے میں 78 کورال میں 33 بجلی علی پور میں 13 اور ترنول میں 14 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ شیخوپورہ میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 3مریض ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ میں داخل کرا دیئے گئے۔ جبکہ ملیریا کے بھی درجنوں مریض سامنے آ رہے ہیں۔ محکمہ صحت شیخوپورہ خواب خرگوش کے مزے لے رہا ہے۔ عوام کو مچھروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، چیف سیکرٹر ی پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ شیخوپورہ میں ڈینگی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر فوری اقدامات کیے جائیں۔