• news

بھارتی ریاست تلنگانہ‘  درسی کتب سے اسلام مخالف مواد حذف کرنے کا مطالبہ 

 حیدرآباد(این این آئی)بھارتی ریاست تلنگانہ میںسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن آف انڈیا نے ریاستی حکومت سے 8ویں کلاس کی درسی کتاب سے اسلام مخالف مواد کو فوری طور پر حذف کرنے کامطالبہ کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن تلنگانہ نے 8 ویں جماعت کی سوشل سٹڈیز کی کتاب میں شائع ہونے والی ایک تصویر کاسخت نوٹس لیا ہے جس میں ایک دہشت گردکی تصویر شامل کی گئی ہے جس کے دائیں ہاتھ میں راکٹ لانچرجبکہ بائیں ہاتھ میں قرآن پاک  ہے۔ اسلامک آرگنائزیشن  کے صدر ڈاکٹر طلحہ فیاض الدین نے درسی کتاب میںاسلام مخالف مواد کی اشاعت کی مذمت کرتے ہوئے وزیر تعلیم پی سبیتا اندرا ریڈی پر اسکے ناشر کے خلاف کارروائی کرنے پر زوردیا ہے۔انہوںنے کہا کہ کتاب میں شائع تصویر سے مسلمانوں کے بارے میں دقیانوسی ، نفرت انگیز اور اسلام مخالف نقطہ نظر کی تخلیق اور تشہیر کی جارہی ہے۔ تصویر کی اشاعت پر سوشل میڈیا پر بہت سے لوگوں کی طرف سے شدید ردعمل کا اظہار کیاگیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن