افغانستان حکومت کو مشورہ دے سکتے ہیں،کسی فیصلے پر مجبور نہیں،شیخ رشید
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں۔ پاکستان افغانستان میں امن اور سیاسی استحکام کے لئے اپنا کردار کرتا رہے گا۔ افغانستان ایک خود مختار ملک ہے جو اپنے فیصلے خود لینے کے لئے بااختیار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کینیڈا کی ہائی کمشنر برائے پاکستان وینڈی کرسٹین گلمور سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جنہوں نے منگل کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک کینیڈا دوطرفہ تعلقات سمیت افغانستان اور خطے کی مجموعی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ افغانستان میں پائیدار امن خطے کی ترقی اور افغان شہریوں کی خوشحالی کے لئے ناگزیر ہے اور افغان شہریوں کی انسانی بنیادوں پر امداد ضروری ہے۔ غذائی قلت پیدا ہونے کے عوامل کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے درمیان تعلقات مزید فعال بنانے کی ضرورت ہے۔ افغانستان کی حکومت کو مشورہ دے سکتے ہیں کسی خاص فیصلے پر مجبور نہیں کر سکتے۔ طالبان حکومت کو اس وقت فنڈز اور انسانی وسائل کی کمی کا سامنا ہے۔ بین الاقوامی برادری طالبان کو وقت اور وسائل دے۔ امید ہے طالبان اپنے وعدوں پر مکمل عملدآمد کریں گے۔ افغانستان سے انخلا میں بین الاقوامی برادری کی مدد اور معاونت جاری رکھیں گے۔ کینیڈین ہائی کمشنر نے کہا کہ کینیڈین ہائی کمیشن کی درخواست پر افغان شہریوں کے انخلا پر پاکستان کے شکر گزار ہیں۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے کینیڈین ہائی کمشنر کو یقینی دہانی کروائی کہ پاکستان کینیڈا کی درخواست پر مزید افراد کو افغانستان سے نکالنے میں معاونت فراہم کرے گا۔