بیوروکریسی میں مداخلت کی داغ بیل شریف خاندان نے ڈالی ، فیاض چوہان
لاہور (آئی این پی ) حکومت پنجاب کے ترجمان فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بیوروکریسی میں حکومتی مداخلت کی داغ بیل شریف خاندان نے ڈالی، باپ کی وزارتِ اعلی کے دم پر سیاسی کیریئر بنانے والے حمزہ شہباز کو خاموش رہنا چاہیے، کرپٹ اور بددیانت باپ کا بیٹا ایک شریف النفس وزیر اعلی پر الزام لگا رہا ہے ، حمزہ شہباز کا سردار عثمان بزدار پر الزام آسمان پر تھوکنے کے مترادف ہے ، شریف خاندان پر اربوں کی کرپشن اور غبن عدالتوں میں ثابت ہو چکے ہیں۔ اپنے بیان میں فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ 25 ارب کی تازہ تازہ کرپشن انکی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے ، شریف خاندان کے دس سالہ اقتدار کا کچا چٹھہ انہی کے دور کی آڈٹ رپورٹس کھول چکی ہیں ، 17500 ارب کی بے ضابطگیاں کرنے والے کس منہ سے شفافیت کی بات کرتے ہیں۔