مفت تعلیم و تربیت‘ گوجر خان اورفن کالج میں داخلے جاری: زمرد خان
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پاکستان سویٹ ہومز زمرد خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں دنیا کا پہلا اورفن کیڈٹ کالج (یتم بچوں کا کیڈٹ کالج) قائم کیا گیا ہے جہاں 30 بچوں کا پہلا بیچ ایف ایس سی کا امتحان پاس کر چکا ہے۔ دوسرے بیچ کے لئے داخلے جاری ہیں اور ملک بھر سے یتیم بچوں کی رجسٹریشن کے لئے آخری تاریخ 30 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔ گوجر خان میں قائم کیڈٹ کالج میں تدریسی امور معروف تعلیمی ادارے صدیق پبلک سکول انتظامیہ کے ذمہ ہیں جبکہ تربیتی امور کے لئے سابق سروس پرسن رضاکارانہ اپنی خدمات پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہوم کے بچوں کو جدید تعلیم کے ساتھ ساتھ بہترین تربیت فراہم کی جا رہی ہے اور امید ہے کہ یہ بچے آنے والے دنوں میں پارلیمنٹ، سول سروس، فورسز اور زندگی کے دیگر شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دیں گے۔ روزنامہ نوائے وقت کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے زمرد خان نے کہا کہ یتیم بچوں کا کیڈٹ کالج دنیا بھر میں اپنی نوعیت کا پہلا کیڈٹ کالج ہے جہاں صرف یتیم بچوں کو داخلہ دیا جاتا ہے جبکہ یہاں تعلیم و تربیت بالکل مفت دی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاک سرزمین پر اپنی جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کے بچوں اور حافظ قرآن یتیم بچوں کے لئے الگ کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں پاکستان سویٹ ہوم کیڈٹ کالج کے طالب علم عصمت اللہ نے1078، کاشف نے1077، اشفاق نے 1071، قدیر نے 1070، نقیب نے 1054، طلحہ عثمان نے 1034، ابرار نے1020، جاوید نے 1020 نمبر حاصل کرکے ایف ایس سی کے امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ پاکستان سویٹ ہوم کیڈٹ کالج کے تمام طلبا نے 80 فیصد سے زائد نمبرز حاصل کئے ہیں۔