• news

پاکستان کی اہمیت سے انکار حقیقت سے آنکھ چرانے کے مترادف: شاہ محمود

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اہمیت سے انکار کرنا حقائق سے آنکھیں چرانے کے مترادف ہوگا۔ وہ وطن واپس پہنچ گئے۔ ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکا کے ساتھ کمیونیکشن کو بڑھا رہے ہیں۔ واشنگٹن میں ابھی تک لوگ ذہنی طورپر افغانستان کی بدلتی صورتحال کو سمجھ نہیں پائے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی اپوزیشن موقع غنیمت سمجھ کراپنی حکومت پر یلغارکررہی ہے۔ امریکی سینٹ میں پیش ہونے والے بل پر ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا۔ پاکستان اور امریکا کا افغانستان میں ایک مقصد ہے۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ امریکی وزیرخارجہ انتھونی بلنکن سے ملاقات میں طے پایا تھا مشاورت کا عمل جاری رکھیں گے۔ مستقبل قریب میں سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ سے ایک شخصیت پاکستان کا دورہ کریں گی۔ پاکستان کی اہمیت سے انکار کرنا حقائق سے آنکھیں چرانے کے مترادف ہوگا۔ ابھی ہمیں افغان حکومت کو دیکھنا ہوگا وہ ہمسایہ ملکوں سے کیا سلوک کرتے ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی سے انٹرویو میں کہا ہے کہ افغانستان میں یہ صورتحال راتوں رات پیدا نہیں ہوئی اس کا ایک پس منظر ہے۔ امریکہ حیران ہے کہ 20 سال میں ان کی ٹیکنالوجی اور وسائل دھرے رہ گئے۔ اس وقت امریکہ سکتے کے عالم میں ہے۔ کچھ مخالفین کے پراپیگنڈے سے محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن