حکمرانوں نے قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے: جاوید قصوری
لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے تین سالوں سے تبدیلی کے نام پر قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے۔ مہنگائی کا جن بے قابو ہوچکا ہے۔ اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں۔ ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ شرمناک ہے۔ عوام بد حال اور کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ المیہ یہ ہے کہ حکمرانوں نے بے حسی کی چادر اوڑھ رکھی ہے۔ انہوں نے کہ پورا ملک مافیا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔ جب سے تحریک انصاف کی حکومت تبدیلی کا نعرہ لگا کر بر سر اقتدار آئی ہے، اس وقت سے ہی ہر شعبہ تباہ حال اور عوامی مسائل میں خطرناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے۔ یہاں ہر روز ایک نیا بحران جنم لیتا ہے۔ جب تک چور لٹیرے اورکرپٹ افراد اسمبلیوں اور کابینہ کا حصہ ہیں اس وقت تک مافیا کے ظلم سے نجات حاصل نہیں ہوسکتی۔ عوام بد حال اور ان کا کوئی پرسان حال نہیں۔ المیہ یہ ہے کہ وزیر اعظم دعوے تو بلند و بانگ کرتے ہیں مگر ان کی ٹیم میں اہلیت و صلاحیت نام کی کوئی چیز نہیں۔ جب تک لٹیروں کا راستہ نہ روکا گیا اس وقت تبدیلی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ نالائق حکمرانوں کے دن گنے جاچکے ہیں۔