شعیب ملک ، فخر زمان ، شاہ نواز دھانی کی شمولیت کا امکان
لاہور(سپورٹس رپورٹر)نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے شعیب ملک، فخر زمان اور شاہ نواز دھانی کی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سکواڈ میں شمولیت کا امکان پیدا ہو گیا۔نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں کھلاڑیوں کی ناقص کارکردگی تبدیلیوں کی بڑی وجہ بن رہی ہے۔سکواڈ میں شامل اعظم خان، محمد حسنین اور صہیب مقصود کے ستارے گردش میں ہیں اور ان کے آئوٹ ہونے کا امکان ہے۔شعیب ملک، فخر زمان اور شاہ نواز دھانی کی قومی سکواڈ میں انٹری متوقع ہے۔چیف سلیکٹر محمد وسیم کی جانب اسلام آباد کے ہوٹل میں طلب کی گئی ورلڈکپ سکواڈ کی خفیہ میٹنگ صرف دس منٹ جاری رہی، میٹنگ میں محمد وسیم نے کھلاڑیوں کو یقین دلایا کہ ورلڈکپ سکواڈ تبدیل نہیں ہوگا، لہذا ڈریں نہیں۔ذرائع کے مطابق محمد وسیم نے کھلاڑیوں کو ہدایت کی کہ دباو میں نہ آئیں اور کھل کر کھیلیں۔میٹنگ میں کپتان بابراعظم نے بھی کھلاڑیوں کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں اپنی بہترین کارکردگی دیں، آپ کرسکتے ہیں اس لیے کرکے دکھائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف سلیکٹر نے ورلڈکپ سکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کی خفیہ میٹنگ طلب کی تھی، میٹنگ کا مقام اور وقت کھلاڑیوں کوآخری لمحات میں بتایا گیا۔ذرائع کا کہنا تھا کہ محمدوسیم کھلاڑیوں کو بریفنگ دے کراعتماد میں لینا چاہتے تھے، میٹنگ سے متعلق کھلاڑیوں کو گروپ میں ذکر نہ کرنیکی ہدایت دی گئیں تھیں۔ٹی ٹونٹی ورلڈکپ سکواڈ میں شامل پاور ہٹرزاعظم خان، صہیب مقصود‘محمد حسنین اورخوشدل شاہ کی ناکامیوں کا سلسلہ طویل ہوگیا ہے، جس کے باعث میگا ایونٹ کیلئے اعلان کردہ ٹیم میں تبدیلیوں کا مطالبہ زور پکڑنے لگا تھا۔ورلڈکپ سکواڈ میں نظرانداز چیمپئنز ٹرافی وننگ کیپٹن سرفرازاحمدایک میچ وننگ اننگز کھیل چکے ہیں جبکہ حیدرعلی بھی دومیچوں میں اپنے بلے کی دھار دکھاچکے ہیں۔