افغانستان ‘آسٹریلیا کا تاریخی ٹیسٹ غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی ہونے کا امکان
لاہور(سپورٹس ڈیسک ) آسٹریلیا اور افغانستان کے درمیان واحد ٹیسٹ میچ غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی ہونے کا امکان ہے۔ کرکٹ تسمانیہ کے سربراہ ڈومینک بیکر کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا آئندہ ہفتے اعلان کردیگاتاکہ افغانستان خواتین سے متعلق نکتہ نظر پر نظر ثانی کرسکے۔ٹیسٹ میچ 27 نومبر کو ہوبارٹ میں شیڈول ہے۔ بیکر نے کہا کہ آسٹریلیا اور افغانستان کے درمیان کھیلا جانے والا میچ رواں ہفتے ملتوی کردیا جائیگا، فیصلہ اگلے چند دنوں میں سامنے آئے گا۔ یہ فیصلہ افغانستان کی حکومت کو نئی سمت دکھانے کے حوالے سے کیا گیا ہے تاکہ وہ دیکھ لیں کہ انھیں کھیلوں میں واپس آنے کیلئے کیا کرنا ہے۔یہ قابل قبول نہیں کہ افغانستان خواتین کو کھیلوں کی اجازت نہ دے ، اگر وہ کرکٹ میں مردوں کے مقابلوں کے خواہشمند ہیں تو خواتین کے کھیلوں سے متعلق کیے گئے فیصلے پر بھی غور کرنا ہوگا۔ ہم ٹیسٹ میچ کو مکمل طور پر منسوخ نہیں کریں گے جس کے پیش نظر افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ بعد میں شیڈول کیا جاسکتا ہے۔