• news

پی ایس ایل فرنچائز ز نے ٹی وی رائٹس معاہدے سے امیدیں لگا لیں

لاہور(حافظ محمد عمران/ سپورٹس رپورٹر) مسلسل مالی خسارے کا سامنا کرنے والے پاکستان سپر لیگ فرنچائز مالکان نے ٹیلی ویژن رائٹس کے نئے معاہدے سے امیدیں لگا لیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ فرنچائز مالکان کو نیا فنانشل ماڈل بھیج دیا گیا ہے۔ فرنچائز مالکان نے نئے ماڈل پر مشاورت کیلئے وقت مانگا ہے۔ بورڈ کی طرف سے پیش فنانشل ماڈل پر مشاورت کے بعد بورڈ کیساتھ مستقبل کا لائحہ عمل طے کریں گے۔ ذرائع کے مطابق فرنچائز مالکان پاکستان سپر لیگ کی آئندہ تین سال کیلئے ٹیلی ویژن رائٹس کے معاہدے کا انتظار کریں گے۔ آمدن کا بڑا حصہ ٹی وی رائٹس سے آتا ہے۔ فرنچائز مالکان بورڈ کی طرف سے پیش کیے گئے نئے ماڈل پر بات چیت کر سکتے ہیں لیکن اس سے پہلے ٹیلی ویژن رائٹس کی ویلیو کا اندازہ ہونا ضروری ہے۔ اگر کرکٹ بورڈ اچھی ڈیل کرنے میں کامیاب ہوتا ہے تو معاملات بہتری کی طرف جا سکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ چیئرمین رمیز راجہ کی پی ایس ایل مالکان سے ہونے والی ملاقات خوشگوار انداز میں نہیں ہوئی۔ میٹنگ فرنچائز مالکان نے رمیز راجہ کو معاملات حل نہ کرنے کی صورت میں عدالت جانے کی دھمکی بھی تھی۔ واضح رہے کہ احسان مانی کے دور میں بھی فرنچائز مالکان عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا چکے ہیں۔ بورڈ چیئرمین کی فرنچائز مالکان کیساتھ ہونیوالی میٹنگ میں سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ رمیز راجہ نے نرم رویہ اختیار کرنے کے بجائے سختی سے جواب دیا۔کرکٹ بورڈ نے دو ہزار اٹھارہ میں تین سال کیلئے پی ایس ایل کے ٹیلی ویژن رائٹس چھتیس ملین ڈالرز میں فروخت کیے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن