آر ٹی ایس بند کرکے ہمیں جیتا الیکشن ہرایا گیا: مریم نواز
لاہور(خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن پنجاب کے زیر اہتمام فیصل آباد ڈویژن کا اجلاس میاں محمد نواز شریف کی زیر صدارت گزشتہ روز ہوا جس میں مسلم لیگ(ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ، مریم نواز، پرویز رشید، اویس لغاری، عطا تارڑ، عظمی بخاری، سائرہ تارڑ، میاں منان، اکرم انصاری، میاں محمد فاروق، طلال چوہدری، نزہت صادق، ایم این ایز، ایم پی ایز اور پارٹی عہدیدار وں نے شرکت کی جبکہ اویس لغاری نے تنظیمی امور پر بریفنگ دی۔ اجلاس سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف اگر کہتے ہیں ووٹ کو عزت دو کیا یہ بیانیہ درست ہے یا یہ بیانیہ جو کہتا ہے ووٹ کو پیروں کے نیچے کچل دو۔ نوازشریف کہتے ہیں آر ٹی ایس بند نہ کرو کیا یہ بیانیہ ٹھیک ہے جو 2018ء کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کا جیتا الیکشن آر ٹی ایس بند کرکے ہرایا گیا۔ کیا نوازشریف کا یہ بیانیہ غلط کہ وہ کہتے ہیں پارلیمنٹ کا احترام کرو یا عوام نے جن کو ووٹ دیا ان کو آر ٹی ایس کے ذریعے ہرا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف جب کہتے ہیں پارلیمنٹ کا احترام کرو تو کیا یہ بیانیہ غلط ہے؟۔ جب آپ الیکشن میں جائیں تو آپ کو کہا جائے وفاداری چھوڑ دیں اور اپنے اوپر لوٹے کا دھبہ لگالیںاگر آپ ایسا نہیں کرینگے تو آپ کو الیکشن ہرادیا جائے گا۔ اب بیانیوں کا موازنہ کرلیں کونسا درست بیانیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ آج رانا ثناء اللہ صاحب کے چہرے پر مسکراہٹ دیکھ رہی ہیں۔ ایسی مسکراہٹ ان کے چہرے پر پہلے کسی میٹنگ میں نہیں تھی۔ آج ان کے اپنے ڈویژن کی میٹنگ ہے۔ اس موقع پر اجلاس سے میاں محمد نوازشریف نے بھی خطاب کیا۔