پٹرول 4 ، ڈیزل2 ، مٹی کا تیل7.05 روپے لٹر مہنگا
اسلام آباد (خبرنگارخصوصی+نمائندہ خصوصی) حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 4 روپے سے 8 روپے 82 پیسے تک اضافہ کر دیا گیا۔ اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں چار روپے فی لٹر اضافہ کر دیا گیا۔ پٹرول کی نئی قیمت 127 روپے 30 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی۔ مٹی کے تیل کی قیمت 7 روپے 5 پیسے فی لٹر بڑھا دی گئی۔ مٹی کے تیل کی نئی قیمت 99 روپے 31 پیسے فی لٹر ہو گئی۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں دو روپے فی لٹر اضافہ ہو گیا۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 122 روپے 04 پیسے فی لٹر مقرر کر دی گئی۔ لائٹ ڈیزل 8 روپے 82 پیسے فی لٹر مہنگا کر دیا گیا۔ لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 99 روپے 51 پیسے ہو گئی۔ دوسری طرف حکومت نے مہنگائی کے مارے عوام پر ایک اور بم گرا دیا۔آل پاکستان ایل پی جی ایسوسی ایشن کے صدر عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ پاکستان میں ایل پی جی کی ڈبل سنچری مکمل۔ ایل پی جی کی قیمت تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ اوگرا نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں حیرت انگیز اضافے کا نوٹیفکیشن جاری۔ ماہ اکتوبر2021ء کے لیے ایل پی جی کی قیمت میں 29روپے فی کلو، گھریلو سلنڈر 344روپے اور کمرشل سلنڈر کی قیمت میں 1322روپے کا اضافہ کر دیا گیا۔ اب ایل پی جی175روپے فی کلو سے بڑھ کر 204روپے فی کلو، گھریلو سلنڈر 2060 سے بڑھ کر 2404 اور کمرشل سلنڈر 7926روپے سے بڑھ کر9248 روپے ہوگیا۔ پہاڑی علاقوں میں ایل پی جی کی قیمت 225روپے فی کلو،گھریلو سلنڈر 2655روپے اور کمر شل سلنڈر 10215روپے پر پہنچ گئی۔ گلگت بلتستان میں ایل پی جی کی قیمت 250روپے فی کلو،گھریلو سلنڈر2950روپے اور کمر شل سلنڈر 11350روپے پر پہنچ گئی،سردیوں میں 12سو بلین کیوبک فٹ قدرتی گیس کا شاٹ فال ہو گا۔انٹر بنک میں ڈالر کی یہ بلند ترین اختتامی قیمت ہے۔ ستمبر میں ڈالر کی قدر 4 روپے 27 پیسے بڑھی ہے۔ جبکہ جولائی سے ستمبر کے دوران ڈالر کی قدر میں 13 روپے 11 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھاؤ ایک روپیہ بڑھ کر 173 روپے 50 پیسے ہے۔