سعودی عرب کا شاندار قومی دن ، پاکستانیوں کی جانب سے بھر پور اہتمام
جدہ کی ڈائری
امیر محمد خان
سعودی عرب کے 91 قومی دن کے حوالے سے سعودی عرب میں بہت سی رنگا رنگ تقاریب کا اہتمام ہوا. جس میں سعودی رائل ائر فورس کے جنگی طیاروں کے کرتب،آتش بازی ، مارکیٹوں میں رعائتی قیمتوںپر اشیاءکی فروخت شامل تھی . پاکستانیوں نے سعودی عرب کے ہر شہر میں سعودی قومی دن کو حوالے سے شاندار تقاریب کا اہتمام کرکے سعودی افراد کے ہمراہ رنگا رنگ پروگرام اور عشائیوں کا اہتمام کرکے پاک سعو دی دوستی کا عملی مظاہرہ کیا ۔ جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے اس سلسلے میں کمیونٹی کی ہر تقریب میں شرکت کی اور سعودی و پاکستانی اتحاد کو سراہا ، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو سراہا اور انکی صحت و کامرانی کی دعائیںکیں۔ 23 ستمبر کو پہلی تقریب قونصل جنرل خالد مجید نے اپنی رہائش گاہ پر سعودی مہمانوںکو عشائیہ دیکر منعقد کی ،جس میں سعودی رائل پروٹوکول کے اعلی افسر ، سعودی تاجر موجود تھے ،انہوںنے ہمیں بھی دعوت دی انکی مہربانی ، خیال تھا کہ اس شاندار تقریب کی روداد بھی لکھوں گا ۔ مگر خبر ان صفحات پر آنے سے قبل ہی قونصلیٹ کے پریس سیکشن نے اپنی ڈیوٹی ”کھڑکاتے ہوئے “ پاکستان کے چند اخبارات بشمول نوائے وقت ایک مختصر ایک کالم کی خبر شائع کرادی اسلئے اس تقریب کا احوال دوبارہ نوائے وقت میں لکھنا مناسب نہیں لگتا ۔ جب قونصل پریس نئے نئے یہاں آئے تھے وہ پاکستان اخبارات کو نمائیندوں کو تسلیم ہی نہیں کرتے تھے ۔انکا کہنا تھا کہ میری ڈیوٹی سعودی میڈیا سے تعلقات پیدا کرنا ہے ۔انکا یہ بیان بہت اچھا تھا ایسا ہونا بھی چاہئے مگر اب انکا کچھ تعلق مقامی سعودی میڈیا سے ہوگا ۔ مگر زیادہ تر زور پاکستانی میڈیا پر ہے۔اگر کوئی چیچہ وطنی کے مقامی اخبار کا نمائیندہ یا فیس بک اخبار ، یو ٹیوب کے ہوم میڈ چینل بھی آجائے انکے پاس تو وہ صحافی کی فہرست میں شامل ہوجاتاہے ۔
حاجی عثمان عبدالحمید کی جانب سے سعودی قومی دن کے حوالے سے عشائیہ
یوم الوطنی کی مناسبت ایک شاندار اور پروقار تقریب عثمان حاجی عبدالحمید کمپنی کے حاجی عثمان نے منعقد کی۔ جس میں سعودی عرب کے تاجروں،حکومتی اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ پانچ ستاروںوالے مقامی ہوٹل میں منعقد ہونی والی تقریب کے مہمان خصوصی جدہ چیمبرز کے شیخ مازن بترجی تھے جبکہ پاکستان کے قونصل جنرل نے خصوصی شرکت کی پہلی دفعہ جد ہ میں اتنی بڑی تعداد میں سعودی بزنس مین اور حکومتی اراکین کو پہلی دفعہ پاکستانیوںکی تقریب مین اکھٹا دیکھا۔ جن میں ابراہیم بترجی ، محمود بترجی ، ہانی ساب ، سامی شعبان، عادل باحمدین ، خالد نصیف، زیاد البسام ، محمد شمس ، فوزی الہندی، سعید باسمع، سارہ العاید و دیگر نے شرکت کی ۔اہم سعودی مہمانوں سے بھر پور یہ تقریب تھی،مہمانوں اور تقاریب کا اہتمام MI EVENTS ORGANISERS نے سعودی انٹرٹینمٹ اتھارٹی کی نوشین وسیم نے حاجی عثمان کے تعاون سے کیا ۔ اہم بزنس مین کی شرکت یہ ثابت کررہی تھی کہ اس میں نوشین وسیم اور عثمان عبدالحمید کی کاوشیں شام ہیں۔ اس پر رونق تقریب میٰں جو جدہ کے فائیو اسٹار میں منعقد ہوئی ، قونصل جنرل خالد مجید نے تقریب میں
خصوصی شرکت کی ، سعودی اور پاکستانی میڈیا بھی موجود تھا قونصل جنرل خالد مجید نے اپنی تقریر میں پاکستان کی تجارتی مصنوعات کا ذکر کیا اور سعودی عرب سے لازوال دوستی کو اہم قرار دیا۔انہوں نے کہا سعودی عرب کے پاکستان سے لازوال تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے سعودی عرب نے موقع پر پاکستان کی بھر پور مدد کی ہے ۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور ولی عہد شہزادہ محمد بند سلمان کی ولولہ انگیز نوجوان قیادت اپنے ممالک کی ترقی و خوشحالی کے ساتھ مسلم امہ کے اتحاد و ترقی کو اہم سمجھتے ہیں۔ مہمان خصوصی ماذن بتر جی نے اپنی تقریر میں پاکستان چاول اور چاول سے تیار ہونےوالی بریانی کا خصوصی ذکر کیا ۔ اور امید ظاہر کی کہ سعودی عرب میں پاکستانی مصنوعات کو فروغ حاصل ہوگا ۔
قومی یکجہتی فورم کی تقریب یوم الوطنی
قومی یکجہتی فورم جدہ کے زیر اہتمام سعودی عرب کے 91 ویں یوم الوطنی کے موقع پر رنگا رنگ تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔جس کی صدارت فورم کے کنوینئر سردار اقبال یوسف نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی قونصل جنرل خالد مجید قونصل جنرل گبون ڈاکٹر عبداللہ اور سابقہ ڈیفینس آتاشی جنرل (ر) عبداللہ الغامدی تھے تقریب میں سعودی کلچر گروپ نے تلواروں کے ساتھ رقص پیش کیا جو مرکزِ نگاہ تھا ۔اس موقع پر قونصل جنرل خالد مجید کا کہنا تھا کہ قومی یکجہتی فورم مبارکباد کا مستحق ہے کہ انہوں نے پُر وقار تقریب کا انعقاد کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ پاکستانیوں کا والہانہ محبت کا اظہار اس چیز کا ثبوت ہے کہ پاکستانی سعودی عرب کو اپنا گھر سمجھتے ہیں ۔فورم کے کنوینئر سردار اقبال یوسف نے تمام آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اس فورم میں کمیونٹی یکجا ہے جنرل (ر) عبداللہ الغامدی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گزارے گئے زندگی کے وہ 13 سال خوبصورت یادوں کا سرمایہ ہیں۔ پاکستان دفاعی اعتبار سے مسلم اُمہ میں مضبوط ملک ہے۔ دیگر مقررین میں قونصل جنرل گبون، ڈاکٹر فیض العابدین، شیخ احمد فاروقی، مسلم لیگ ن سے ملک منظور حسین اعوان اور رانا اشرف، جمعیت علماءاسلام سے قاری رفیع اللہ، پی ٹی آئی سے عقیل آرائیں اور مفتی عُزیر بھٹہ، پی پی پی سے ملک شمس الطاف، جمیعت اہلِ حدیث سے حافظ عبدالماجد، منہاج القرآن سے اعجاز بشیر، اے این پی سے نوشیروان خٹک، جے کے سی او سے خورشید متیال، پاک سعودی فرینڈ شپ فورم کے چوہدری خالد رشید نے خصوصی شرکت کی تقریب میں سعودی خاتون نور الماس نے پاکستان کا ملی نغمہ دل دل پاکستان گا کر حاضرین سے خوب داد وصول کی پاکستانی گلوکار نعیم سندھی اور فخر عدنان نے سعودی عرب اور پاکستان کے ملی نغمے گا کر حاضرین کو خوب محظوظ کیا آخر میں سعودی عرب کے 91 ویں یوم الوطنی کا کیک کاٹا گیا اور دونوں برادر ممالک کی خوشحالی ترقی اور سالمیت کے لیے خصوصی دعا کی گئی ۔
پاکبا ن کی تقریب یوم الوطنی
نوجوانوں کی تنظیم ”پاکبان “نے سعودی عرب کے شہر دھران سے ابتداءکی ۔ اسکے بعد جدہ میں نوجوانوں کی بڑی تعداد کو اکھٹا کیا ۔ جسکی کمان پاکستان جرنلسٹس فورم کے رکن یحیی اشفاق اس فورم کے بورڈ ممبر اور سعودی عرب میں پاکبان کے انچاج ہیں کو دی جبکہ ڈائیریکٹر میڈیا ریاض میں پاک میڈیا فورم کے ذکاءاللہ محسن ہیں، عمران صدیقی نے دھران سے پاکبان کی ابتداءور سرپرستی کی جوآج ایک تناور درخت کی شکل اختیار کررہی ہے اور نوجوانوں کی بڑی تعداد اسکا حصہ بن رہی ہے ۔ عمران صدیقی اسکے سرپر ست اعلی ہیں ، جو لوگ میری دانش میں سرگرم ہیں ان میں مدثر، قاسم حنیف خان، عموری ، ثناءبشیر شامل ہیںجدہ میں ایک تقریب سعودی عرب میں
نوجوانوں کی تنظیم پاکبان کی جانب سے سجائی گئی جس میں کیمونٹی کے مردوخواتین کی بڑی تعداد کے علاوہ سعودی شہریوں نے بھی شرکت کی جبکہ قونصل جنرل خالد مجید نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔جدہ میں منعقد ہونے والی تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کے ارکان نے بھرپور جوش وجذبے کے ساتھ پاک سعودی تعلقات کو اجاگر کیا اور مقامی گلوکاروں نے عربی اور اردو گانے گاکر خوب سماں باندھا تقریب سے پاکبان کے میڈیا ڈائریکٹر ذکاءاللہ محسن سعودی انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کی مشئیر نوشین وسیم،عمران صدیقی، عثمان عبدالحمید نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاک سعودی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے صحافی برادری اور کیمونٹی ممبران اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ قونصل جنرل خالد مجید کا کہنا تھا سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تعلقات تاریخی ہیں اور دونوں ممالک ملکر تمام شعبوں میں اگے بڑھ رہے ہیں اور سعودی عرب نے ہمیشہ ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کو یقنی بنایا ہے تقریب کے آخر میں کیک بھی کاٹا گیا۔