کرونا : بزرگوں کو عمرہ کی اجازت، خانہ کعبہ کا صحن نمازکیلئے کھولا جائیگا
ریاض(اے پی پی+ نیٹ نیوز) سعودی عرب کی وزارت حج نے عمرہ زائرین کی یومیہ تعداد 60 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کرنے کا اعلان کیا ہے جس کے باعث اب کرونا وبا کے بعد پہلی بار خانہ کعبہ کے بیرونی صحن میں بھی نماز ادا کی جائے گی۔ کرونا وبا کی صورتحال بہتر ہونے پر سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے معتمرین کی تعدادایک لاکھ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ خانہ کعبہ میں یومیہ 60 ہزار نمازیوں کو عبادت کی اجازت دی جائے گی۔معتمرین اور نمازیوں کی تعداد میں اضافے کے اعلان کے بعد مسجد حرام میں بیرونی صحن کو بھی نماز کی ادائیگی کیلئے تیار کیا جا رہا ہے۔ کرونا کی وبا کے آغاز کے بعد بیرونی صحن میں نماز ادا کیے جانے کا یہ پہلا موقع ہو گا۔ادھر سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کی جانب سے 70 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کو عمرے کی اجازت دیدی گئی ہے۔ وزارت حج و عمرہ نے کہا کہ 70 سال سے زیادہ عمر کے شہریوں کو اعتمرنا یا توکلنا ایپ کے ذریعے عمرے کے اجازت نامے جاری کئے جا سکتے ہیں بشرطیکہ وہ کرونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لے چکے ہوں۔