• news

43 روپے لٹر پٹرول کا سبز باغ دکھانیوالے عوام کا تیل نکال رہے ہیں : شہباز شریف 

لاہور+راولپنڈی (خصوصی رپورٹر+سٹاف رپورٹر) شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایک طرف ڈالر کا بے قابو جن ہے تو دوسری طرف ظالم حکومت مہنگائی کی چھری سے عوام کا گلا اور جیب کاٹ رہی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر ردعمل میں انہوں نے کہا کہ عمران نیازی آئی ایم ایف چلے گئے۔ خود کشی بھی نہیں کی‘ لیکن عوام کو خودکشی پر مجبور کر دیا ہے۔ اندھی حکومت اندھا دھند مہنگائی کرتی ہے اور پھر کہتی ہے کہ عوام خوشحال ہو رہے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو قوم کو 46 روپے لٹر پٹرول دینے کے سبز باغ دکھاتے رہے اور اب مسلسل مہنگائی سے قوم کا تیل نکال رہے ہیں۔ ظالم حکمرانوں سے عوام پر مہنگائی کا ظلم کرنے کا اختیار چھیننا ہوگا۔ ان سے نجات سے ہی مہنگائی کا طوفان روکا جا سکتا ہے۔ پٹرولیم اور ایل پی جی مصنوعات میں اضافے کا مطلب آٹے، چینی، بجلی اور گیس سمیت ہر چیز کی قیمت بڑھانا ہے۔ ہر روز قیمتوں میں اضافے سے ثابت ہو رہا ہے کہ حکومت نے جعلی اور جھوٹا بجٹ قوم پر مسلط کیا۔ عوام کی بس ہوچکی ہے۔ یہ ظلم وہ مزید برداشت کرنے کے قابل نہیں۔ قوم پر رحم کیا جائے۔ عوام دو وقت کی روٹی سے محتاج ہو چکے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عوام دشمن حکومت نے پٹرول مہنگا کر کے عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالا ہے۔ تین ماہ میں پٹرولیم مصنوعات 7 بار مہنگی کر کے عوام دشمنی کی گئی۔ پٹرول مہنگا کر کے دیگر ممالک سے تقابلی جائزہ کرتے ہوئے شرم آنی چاہئے۔ حکومت نے ترقی کرتی معیشت کو نااہلی اور کرپشن کی میں دفن کر دیا۔ کیا دیگر ممالک کی طرح ہماری معیشت بھی اتنی ہی مضبوط ہے۔ مہنگائی کا جو نیا سیلاب آئے گا اس سے نمٹنے کی حکومتی پالیسی کا کسی کو پتا بھی ہے؟۔ حکومت 16 سو ڈالر کی فی کس آمدنی 11 سو ڈالر پر لے آئی۔ اناڑی‘ نااہل اور کرپٹ حکومت کا یوم احتساب بھی بھیانک ہو گا۔راولپنڈی سے سٹاف رپورٹر کے مطابق شہباز شریف سے ن لیگ کے ڈسٹرکٹ انفارمیشن سیکرٹری حامد عباسی، پی پی 17کے صدر ملک وسیم، کوآرڈینیٹر ریحان عباسی، سیکرٹری انفارمیشن  جبران رفاقت نے ملاقات کی اور برطانیہ کی عدالت سے منی لانڈرنگ کیس میں بری ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ شہباز شریف نے کہا ن لیگ نے کامیاب ورکر کنونشن کر کے مخالفین کو بے نقاب کیا ہے میں تمام رہنمائوں کا شکرگزار ہوں انہوں نے بہترین انداز میں ورکر کنونشن کرایا۔

ای پیپر-دی نیشن