ٹی ٹی پی میں ایسے گروہ ہیں جو پاکستان کیساتھ چلنا چاہتے ہیں: فواد چودھری
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ ریاست پاکستان آگ اور خون کے ایک دریا سے ہو کر نکلی ہے۔ ہم نے ہزاروں لوگوں کی قربانیاں دی ہیں۔ ان قربانیوں کے نتیجے میں ہم نے القاعدہ جیسی دہشت گرد تنظیموں کو شکست دی۔ ہندوستان کی ریشہ دوانیوں کو بھی مکمل ختم کیا، اب ہمیں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم نے آج جو اصول وضع کئے وہ یہی اصول ہیں کہ ہم اپنے آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے ان لوگوں کو واپس راستے پر لا سکیں جو اپنے مخصوص حالات کے پیش نظر پاکستان کے راستے سے جدا ہوگئے تھے۔ جمعہ کو اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے بیان کو لے کر کافی گفتگو ہورہی ہے، ضروری ہے کہ اس کا ایک پس منظر عوام کے سامنے رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں 3 ہزار سے زیادہ وہ لوگ جو ناراض تھے اور ہندوستان کی ریشہ دوانیوں کا شکار ہوئے، وہ واپس آچکے ہیں۔ اسی طریقے سے کالعدم ٹی ٹی پی کے مختلف گروہ ہیں، ان گروہوں میں بھی ایسے لوگ ہیں جو پاکستان کے ساتھ اپنی وفا کا عہد نبھانا چاہتے ہیں اور ایک صلح جو، امن پسند اور آئین کو مان کر آگے چلنے کا پیمان کرنا چاہتے ہیں۔ دریں اثناء ایک بیان میں چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار خطبہ جمعہ ایوان صدر کی جامع مسجد سے پی ٹی وی کے ذریعے براہ راست نشر کیا جا رہا ہے۔ جمعہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ خطبہ جمعہ براہ راست نشر کرنا ریاست مدینہ کے ماڈل کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ سرکاری ٹیلی ویژن ہر جمعہ کو خطبہ جمعہ دن ایک بجے براہ راست نشر کرے گا۔ ایوان صدر کی جامع مسجد سے پہلی مرتبہ نماز جمعہ اور خطبہ براہ راست نشر کیا گیا۔ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی‘ اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز اور ایوان صدر کے حکام و عملہ نے نماز جمعہ ادا کی۔ اس موقع پر چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے خطبہ دیا۔