• news

پنڈوار الیکس نے شرافت سے پردہ اٹھایادیا،احسن اقبال:ملوث وزرامستعفی ہوں،سراج الحق

اسلام آباد‘ لاہور (خبرنگار+ خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف مہم چلانے والا شخص بیرون ملک سے ملے تحائف چھپا رہا ہے۔ پنڈورا بکس نے ایمانداروں کی شرافت سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ اسلام آبادسے جاری بیان میں احسن اقبال نے کہا کہ ملک میں مہنگائی حکومتی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ہے۔ آج پاکستان کے عام شہری کی زندگی کو جہنم بنا دیا ہے۔25 سے30 ہزار روپے تنخواہ لینے والا گھر کے اخراجات پورے نہیں کر سکتا۔ مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے پنڈورا پیپرز میں نام آنے پر عمران خان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پارلیمنٹ سے دوبارہ اعتماد کا ووٹ لیں۔ نئے عالمی سکینڈل نے ایمانداروں کی شرافت سے پردہ اٹھا دیا۔ رہنما (ن) لیگ کا مزید کہنا تھا کہ آنے والے دنوں میں مزید مہنگائی میں اضافہ ہو گا۔ عمران خان نے لیپ ٹاپ پر بڑے بڑے لوگوں کو سبز باغ دکھائے۔ حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان کی معیشت سسک رہی ہے۔ احسن اقبال نے کہا پارلیمنٹ کا اجلاس بار بار ٹوٹنا اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران نیازی اعتماد کھو چکا ہے جبکہ حکمران حکومت الیکٹرانکس ووٹنگ مشین کا استعمال کر کے عوام کے ووٹ چرانا چاہتی ہے۔ دریں اثناء امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پینڈورا پیپرز کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد اس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جن حکومتی وزرا اور مشیران کے نام پنڈورا پیپرز میں آئے ہیں، وہ فوری طور پر عہدوں سے مستعفی ہو جائیں۔ بصورت دیگر انھیں عہدوں سے برطرف کیا جائے۔ تحقیقات میں سرکاری اثرورسوخ سے بچنے اور شفافیت کے لیے یہ ضروری ہے کہ جن سرکاری ملازمین کے نام شامل ہیں۔ انھیں بھی عہدوں سے ہٹایا جائے۔ سب کے خلاف بلاتفریق شفاف تحقیقات ہونی چاہئے۔ پنڈورا پیپرز سے پھر واضح ہوا کہ کرپشن ملکی اشرافیہ کے رگ و پے میں سرایت کر چکی ہے۔ پاناما پیپرز کے ساڑھے چار سو ناموں کے خلاف ہماری پٹیشن اب تک سپریم کورٹ میں سماعت کے انتظار میں ہے۔مزید براں سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز کے ترجمان محمد زبیر نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا ہے کہ وزیراعظم اپنی پارٹی کے رہنماؤں کے خلاف بھی عدالت جائیں اور کہیں کہ ان کو رگڑ دیں۔ جیسے نواز شریف سے 70ء اور 80ء کی دہائی کے سوالات پوچھے گئے تھے۔

ای پیپر-دی نیشن