• news

ہر ضلع میں یونیورسٹی بنائینگے،پسماندہ علاقوں کی محرومیوں کا ازالہ ہو گا:عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں محکمہ ہائر ایجوکیشن سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے 15نئی یونیورسٹیوں کے قیام پر پیشرفت کاجائزہ لیا۔ اجلاس میں پنجاب میں نئی یونیورسٹیوں کے قیام پر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ اور جوائنٹ ونچر امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں صوبے میں سمارٹ یونیورسٹی کا کونسپٹ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا اور صوبہ بھر میں کالج ٹیچر انٹرن (CTI) کی مزید بھرتیوں کی اصولی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کالج پرنسپل کی خالی آسامیاں جلد ازجلد پرکرنے کے لئے کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ تعلیمی بورڈز کے کنٹرولرز اور سیکرٹریز کا میرٹ پر تقرر یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں یونیورسٹی بنائیں گے جس سے پسماندہ علاقوں میں محرومیوں کا ازالہ ہو گا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں ہائرایجوکیشن کے197ترقیاتی منصوبے 15ارب روپے کی لاگت سے مکمل کئے جائیں گے۔ 88 نئے کالجز کے قیام کے لئے21کالجز کی اراضی کے انتقال کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔ اجلاس میں صو بائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن اور دیگر نے شرکت کی۔ بزدار حکومت نے سیاحت کے فروغ کے لئے ایک اور اہم قدم اٹھایا ہے۔ پنجاب میں ہزاروں سال پرانی قدیمی و تاریخی آثار قدیمہ کی دریافت اور سٹینڈرڈ کے مطابق محفوظ کرنے پر کام جاری ہے۔ پنجاب یونیورسٹی آرکیالوجی ٹیم خوشاب نے تحصیل نوشہرہ کے نواح میں پہنچ کر کام شروع کر دیا۔ ڈاکٹر محمد حمید چیئرمین شعبہ آرکیالوجی نے کہاکہ مقامی روایات کے مطابق قلعہ تلاجہہ 5 ہزار سال قبل تعمیر ہوا۔ ابتدائی تحقیق کے مطابق تلاجہہ قلعہ تقریباً دو ہزار سال قدیم ہے۔ قلعہ تلاجہہ میں مکانوں کی طرز تعمیر دریافت شدہ اشیائے ضروریہ سے مسلمان آبادی کے آثار ملتے ہیں۔ گمان ہے کہ قلعہ تلاجہہ میں مسلمان بھی آباد رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن