• news

پنڈوار الیکس کا خیر مقدم ،قصورواروں کیخلاف کاروائی کرینگے:عمران

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے پنڈورا پیپرز میں شامل پاکستانیوں سے تحقیقات کا اعلان کردیا۔  ٹوئٹر پر جاری بیان میں  وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ پنڈورا پیپرز کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ پنڈورا پیپرز اشرافیہ کی ناجائز دولت کو بے نقاب کرتے ہیں۔ ٹیکس چوری اور بدعنوانی سے جمع دولت مالیاتی پناہ گاہوں میں پہنچ جاتی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ  اقوام متحدہ کے ادارے نے چوری شدہ اثاثوں کا تخمینہ7ٹریلین ڈالر لگایا ہے۔ یہ دولت بڑے پیمانے پر آف شور ٹیکس ہیونز میں منتقل کی گئی۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ میری حکومت پنڈورا پیپرز میں سامنے آنے والے تمام شہریوں کی تحقیقات کریگی۔ اگر کوئی غلطی ثابت ہوئی تو مناسب کارروائی کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں عالمی  برادری سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ اس سنگین ناانصافی کو موسمیاتی تبدیلی کے بحران کی طرح سمجھیں۔ اگر ایسا نہ کیا گیا تو اس سے امیر اور غریب ریاستوں کے درمیان عدم مساوات میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کے نتیجے میں غربت میں اضافہ ہوگا اور  غریب سے امیر ریاستوں کی جانب روزگار کے لیے نقل مکانی کا سیلاب آئے گا جس سے دنیا بھر میں مزید معاشی اور سماجی عدم استحکام پیدا ہوگا۔ میں نے 2 دہائیاں اسی بنیاد اور یقین پر جدوجہد کی۔ ممالک غریب نہیں ہیں لیکن کرپشن غربت کا سبب بنتی ہے۔ کرپشن کی وجہ سے غریب ممالک کی کرنسی بے قدر ہو چکی۔ جس طرح ایسٹ انڈیا کمپنی نے ہندوستان کی دولت لوٹی۔ اسی طرح ترقی پذیر دنیا کے حکمران اور اشرافیہ بھی یہی کر رہے ہیں۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ شرجیل میمن اور اسحاق ڈار کے بیٹے علی ڈار (جو نواز شریف کے داماد بھی ہیں) کی اپنی کوئی حیثیت نہیں۔ یہ نواز شریف اور زرداری کے پیسوں کے پہرے دار ہیں۔ اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ پنڈورا لیکس سے نواز‘ زرداری کی کرپشن کے مزید پرت سامنے آئے ہیں۔ قوم نے پہلے پانامہ اور اب پنڈورا میں ان کے چہروں سے نقاب اترتا دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ تحقیقات بھی پانامہ تحقیقات کی طرح شفافیت کے نئے راستے کھولیں گی اور کرپشن کی حوصلہ شکنی کا ایک اور موجب بنیں گی۔مزید براں وزیراعظم عمران خان نے پنڈورا پیپرز کے حوالے سے اجلاس بلا لیا جس میں اہم فیصلے کئے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن