قصور‘ گیس بندش‘ مہنگائی کیخلاف خواتین کا برتن اٹھا کر میٹروں کو جوتوں کے ہار پہنا کر احتجاج
قصور (نمائندہ نوائے وقت) قصور میں سوئی گیس کی کئی دنوں سے مسلسل بندش اور برھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف شہری سراپا احتجاج بن گئے۔ شہرکے مختلف علاقوں میں شہریوں کو گیس کی بندش اور پریشر کی کمی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جس کی شکایات محکمہ سوئی گیس کے حکام کو کئی مرتبہ کی گئی مگر تاحال مسئلہ حل نہیں ہوا ہے جبکہ گیس کے بل باقاعدگی سے بھیجے جا رہے ہیں۔ بستی صابری میں خواتین نے سوئی گیس کی مسلسل بندش پر انوکھے طریقے سے احتجاج کرتے ہوئے کچن کے خالی برتن اٹھا کر اور سوئی گیس کے میٹروں کو جوتوں کے ہار پہنا کر حکومت اور محکمہ سوئی گیس کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے سوئی گیس کی فراہمی کا مطالبہ کیا۔ احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ پوش علاقوں میں گیس متواتر چل رہی ہیے جبکہ غریب علاقوں میں سوئی گیس مسلسل غائب رہتی ہے۔ احتجاج میں شریک خواتین کا کہنا تھا ہمارا کھانا پکانے کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے۔ گھریلو ناچاقیاں بڑھ رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیراعظم عمران خان فوری نوٹس لے کر گیس کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائیں۔ ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف شہریوں کا کہنا تھا کہ پٹرلیم مصنوعات کی آئے روز قیمتیں بڑھانے سے کھانے پینے کی اشیاء میں کی قیمتوں میں بھی بے حد اضافہ ہو جاتا ہے۔ جس سے کچن چلانا انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔