سابق حکمران قومی مجرم، این آر او نہیں دیں گے: فرخ حبیب
فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ماضی کے حکمران قومی مجرم، انہیں این آر او نہیں ملے گا۔ سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق حکومت نے عوام کو معیاری وسستی اشیائے ضروریہ کی فراہمی کیلئے ایک سال میں یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کو 24 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے جبکہ1 کروڑ 24 لاکھ مستحق خاندانوں کو سستی اشیائے ضروریہ کی فراہمی کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی کے عمل کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ عثمان گارڈن احمد آباد فیصل آباد میں یوٹیلیٹی سٹورکے افتتاح کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ہمارا علاقہ دوسرے علاقوں کی نسبت پسماندہ ہے اور یہاں محدود وسائل والے لوگ رہتے ہیں لہٰذا ہماری کوشش ہے کہ یہاں کے لوگوں کو تمام ممکن ریلیف دیا جاسکے۔ وزیراعظم عمران خان نے ملکی تاریخ میں پہلی بار بینکوں کو آمادہ کیا ہے کہ وہ عام افراد اور بے وسائل جوانوں کو بھی قرضے فراہم کریں۔ حکومت کو عوام کے مسائل کا بخوبی علم ہے اسی لئے تمام شہریوں کو ہیلتھ کارڈ ز کی فراہمی کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے ذاتی مفادات کیلئے کمیشن کے چکروں میں بجلی کے مہنگے کارخانے لگوائے مگر ٹرانسمشن سسٹم میں بہتری کیلئے کوئی کام نہ کیا۔ اس طرح اب ہم بجلی استعمال کریں یا نہ کریں ہم نے ہر سال 1500 ارب روپیہ ادا کرنا ہے لیکن اس کے برعکس وزیراعظم عمران خان نے عوام کا احساس کرتے ہوئے سستی بجلی پیدا کرنے کیلئے شمسی توانائی اور ہائیڈل بجلی کے منصوبے شروع کئے۔ مہنگائی کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ڈالر کی قیمت میں اضافہ اور کرونا کی عالمی وبا کی وجہ سے پروڈکشن میں کمی کے باعث دنیا بھر میں پٹرولیم مصنوعات اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ ان کے حلقہ میں 42 یونین کونسلز ہیں اور ان تمام یو سیز میں شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے واٹر فلٹریشن پلانٹس لگائے جارہے ہیں جس کے ساتھ ساتھ سڑکوں کی تعمیر، ڈسپنسریز کی مرمت و توسیع، پارکس کے قیام اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جارہی ہے۔