پنڈورا لیکس ٹائیں ٹائیں فش، کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات وزیر اعظم کا فیصلہ مجھے علم نہیں،شیخ رشید
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پنڈورا پیپرز ٹائیں ٹائیں فش ہے۔ یہ نام تو پہلے بھی گردش کر رہے تھے۔ اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات ابھی شروع نہیں ہوئے۔ وزارت داخلہ کا مذاکرا ت میں کوئی کردار نہیں۔ وزارت داخلہ کے پاس ابھی اس کا کوئی ٹاسک نہیں آیا۔ یہ وزیر اعظم کی صوابدید ہے۔ پینڈورا پیپرز کے معاملے میں کوئی سرپرائز نہیں۔ وزیراعظم معاملات دیکھ رہے ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ شناختی کارڈز میں 10 سال کا گند صاف کردیا۔ نئی پالیسی لارہے ہیں۔ غلط بائیومیٹرک نہیں چلنے دیں گے۔ جعلی ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کریں گے۔ جعلی شناختی کارڈ بنانے والے نادرا کے 136 لوگوں کو نکالا ہے۔ 24 گھنٹے میں پاسپورٹ لینے کیلئے 10 ہزار فیس رکھ دی ہے۔ وزیراعظم نے 700 افراد کیخلاف تحقیقات کا کہہ کر سب کے منہ بند کر دیئے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ 15 اگست سے اب تک افغانستان سے 20 ہزار افراد پاکستان آئے ہیں۔ ہم نے 30 اکتوبر تک کی ڈیڈ لائن دی ہے کہ جو افغانی واپس جانا چاہتے ہیں وہ جرمانہ ادا کئے بغیر واپس جا سکتے ہیں۔ دریں اثناء مفتی تقی عثمانی سے ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنڈورا لیکس سے متعلق وزیراعظم نے واضح مؤقف اپنایا ہے کہ جس نے کمپنیاں ڈکلیئر کی ہیں‘ وہ کلیئر ہے اور جس نے پہلے سے کمپنی ڈکلیئر نہیں کی‘ اس کے خلاف ایکشن ہو۔ ان لوگوں کو بتانا ہوگا کہ انہوں نے کیوں یہ کمپنیاں بیرون ملک قائم کی ہیں۔ کابینہ اجلاس کے بعد صورتحال واضح ہوگی۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت اور صومالیہ کے علاوہ دیگر ممالک سے آنے والے تبلیغی جماعت کے اراکین کو کلیئرنس کے بعد ویزا میں چند دن کی توسیع دیں گے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ مساجد اور مدارس اسلام کے مینار ہیں۔ اسلام کی تبلیغ میں مدارس کا کردار بہت اہم ہے۔ وزیر داخلہ شیخ رشید احمد دورہ کراچی کے دوران دارالعلوم کراچی پہنچے جہاں پر ان کی ملاقات ممتاز عالم دین اورصدر وفاق المدارس مفتی تقی عثمانی سے ہوئی۔