• news

نارووال‘ خیرپور ٹامیوالی میں بھی نواز شریف کی ویکسی نیشن‘ 2 اہلکار گرفتار


نارووال (نامہ نگار) سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے شناختی کارڈ پر لاہور کے بعد نارووال میں بھی کرونا ویکسین کی جعلی انٹری سامنے آگئی۔ نواز شریف کے شناختی کارڈ پر دوسری خوراک کین سائنو ویکسین کی انٹری نارووال پبلک سکول میں ویکسی نیشن سینٹر میں کی گئی۔ جعلی انٹری 3 اکتوبر کو کی گئی۔ انٹری کی خبر سامنے آنے پر محکمہ صحت میں کھلبلی مچ گئی۔ انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خالد نے محکمہ صحت کے دوملازمین کو تھانہ صدر کے حوالے کر دیا۔ محکمہ صحت کے دونوں ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کر کے حوالات میں بند کر دیا گیا۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد خالد نے ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان کی موجودگی میں دونوں ملازمین کے خلاف درخواست تھانہ صدر میں دی اور دونوں ملازمین کو پولیس ہتھکڑی لگا کر لے گئے۔ لاہور سے انکوئری کے لئے آئی ٹیم ہیلتھ انفارمیشن اینڈ سروس یونٹ نے طویل سرچ کے بعد ’’ایپ‘‘ میں انٹری ثابت ہونے پر نیوٹریشن سپروائز میاں ناصر رئوف اور ثاقب نامی محکمہ ہیلتھ کے ملازمین کو گرفتار کرایا۔ ڈپٹی کمشنر میڈم نبیلہ عرفان نے سی ای او ہیلتھ آفس میں میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ اس واقعہ کی انکوئری کی گئی جس میں یہ ثابت ہوا کہ انٹری ان کی ایپ سے کی گئی ہے۔خیرپور ٹامیوالی سے خبر نگار اور نامہ نگار کے مطابق بہاولپور کے نواحی علاقے خیرپور ٹامیوالی کی بستی گڈن میں بھی نواز شریف کے نام پر کرونا ویکسی نیشن کی جعلی انٹری کا انکشاف ہوا ہے۔ بنیادی مرکز صحت میں لگائی گئی ویکسی نیشن کے بارے میں ایم ایس ڈاکٹر عتیق الرحمنٰ‘ اے سی رانا محمد شعیب اور ایس ایچ او نے انکوائری شروع کر دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن