فوجی افسر،جوان اصل،ہیروان کی قربانیوں سے ملک میں امن،استحکام آیا،آرمی چیف
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہمارے فوجی افسران اور جوان اصلی ہیرو ہیں۔ جوانوں اور افسروں کی قربانیوں سے ملک میں امن اور استحکام آیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ جی ایچ کیو میں فوجی جوانوں کو اعزازات دینے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں بڑی تعداد میں فوجی افسر اور ان کے اہلخانہ بھی شریک تھے۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مادر وطن کی حفاظت کے لئے جان قربان کر دینے سے بڑی کوئی قربانی نہیں۔ ہمارے شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مختلف آپریشنز کے دوران بہادری کے جوہر دکھانے والے جوانوں کو اعزازات سے نوازا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 47 افسروں کو ستارہ امتیاز ملٹری سے نوازا گیا جبکہ 6 افسروں، 7 جونیئر کمشنڈ آفیسرز (جے سی اوز) اور 12 فوجی جوانوں کو تمغہ بسالت سے نوازا گیا۔ شہداء کے میڈل ان کے اہلخانہ نے وصول کئے۔