شفاف الیکشن کرادیں،پورے ملک میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہو گی،بلاول
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں جب بھی منصفانہ اور شفاف انتخابات ہوں گے تو پاکستان پیپلزپارٹی وفاق اور چاروں صوبوں میں حکومت بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہی پیغام کشمیر کے عوام نے کشمیر میں ہونے والے حالیہ انتخابات میں پورے پاکستان میں بھیجا ہے۔ چیئرمین پی پی پی نے یہ بات چڑوہی کوٹلی کے مقام پر ضمنی انتخابات کے سلسلے میں ہونے والے پارٹی کی جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس حلقے میں انتخابات 10اکتوبر کو ہو رہے ہیں اور چودھری عامر یاسین پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار ہیں۔ چیئرمین بلاول نے کہا کہ آزاد کشمیر کی کٹھ پتلی حکومت پاکستان پیپلزپارٹی کے خلاف سازشیں کر رہی ہے اور اس نے چودھری عامر یاسین کے خلاف ایک جھوٹا مقدمہ درج کرکے انہیں جیل بھیج دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالوں نے جابروں اور ڈکٹیٹروں سے جنگ جیتی ہے اور اس کٹھ پتلی کی جیالوں کے سامنے کوئی حیثیت نہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر کہاں ہیں جس کا وعدہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے کیا تھا۔ ہم اس کٹھ پتلی حکومت کا احتساب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اگلا وزیراعظم اور چاروں صوبوں کے اگلے وزرائے اعلیٰ پیپلزپارٹی کے جیالے ہوں گے۔ آنے والا وقت جیالوں کا ہے، اگلا وزیراعظم بھی جیالا ہوگا۔ تمام صوبوں کیلئے پیغام ہے کہ بھٹو کے نعرے گونجیں گے۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ ہم خان صاحب سے پوچھتے ہیں کہ آپ کے دعوے کا کیا ہوا کہ گرین پاسپورٹ کی عزت کروائیں گے، باہر سے لوگ یہاں نوکری کے لیے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح یہاں کے عوام نے وفاقی وزراء کی فوج، مسلم لیگ (ن) کی مقامی حکومت کا مقابلہ کر کے پاکستان پیپلز پارٹی کو قائد حزب اختلاف کا عہدہ سونپا اس پر میں کشمیری عوام کا شکر گزار ہوں۔ انہوں نے کہاکہ آپ نے پورے ملک کو دکھا دیا ہے کہ کشمیر کا بھٹو، کشمیر کی بی بی زندہ ہے۔ ان پہاڑوں میں اگر کوئی سیاسی جماعت ہے، کوئی سیاسی کارکن ہے تو وہ پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھتا ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت کو معلوم ہی نہیں کہ ہر جیالے کے لیے جیل جانا ضروری ہے۔ وہاں جیالوں کی تربیت ہوتی ہے جہاں ہم ظالموں، آمروں کا مقابلہ کرتے ہیں، تم کٹھ پتلی تو کوئی چیز ہی نہیں۔ عوام کو مخاطب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ میں آپ کے پاس نہ صرف ضمنی انتخاب میں بلکہ آنے والی نسلوں کا ساتھ مانگنے کیلئے آیا ہوں۔ بلاول بھٹو زرداری نے بیان میں کہا ہے کہ پٹرول اور گیس کے بعد بجلی کی قیمت میں بے پناہ اضافہ ظالمانہ عمل ہے۔ عمران خان کل بجلی کے بل جلاتے تھے آج عوام کا خون جلا رہے ہیں۔ ریاست مدینہ بنانے کے دعویدار نے غریبوں کی زندگی تنگ کر دی ہے۔