• news

پی سی بی کو مالی طور پر مضبوط بنائیں گے رمیز راجہ

لاہور+کراچی(سپورٹس رپورٹر)چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کا کہنا کے کہ آئی سی سی پر بھروسہ نہیں کر سکتے ، پی سی بی کو مالی طور پر مضبوط بنائیں گے۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے پاکستان سٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا‘انہوںنے گھنٹی بجا کر کاروبار کا آغاز کیا، ایم ڈی سٹاک ایکسچینج فرخ ایچ خان نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر چیئرپرسن پاکستان سٹاک ایکسچینج شمشاد اختر بھی موجود تھے۔چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سٹاک ایکسچینج آنا بالکل ایک نیا تجربہ ہے، یہاں آنے کا مقصد کرکٹ کی ایکانومی کو مضبوط کرنا ہے ، ہم اس وقت آئی سی سی پر زیادہ انحصار کرتے ہیں۔آئی سی سی پر بھروسہ نہیں کر سکتے ، پی سی بی کو مالی طور پر مضبوط بنائیں گے ، اچھی کرکٹ کیلئے مضبوط فنانشل سسٹم ضروری ہے، دیگرممالک کے کرکٹ بورڈ زمیں بہت سرمایہ کاری ہوتی ہے۔ ہم اپنے گراؤنڈز کو بنانے کیلئے پیسہ خرچ کریں گے، ہماری ورلڈ کپ کی تیاری جاری ہے ، کوشش ہے کہ ورلڈ کپ میں اچھی ٹیم لائیں۔ گراس روٹ پرجوکام ہوناچاہیے تھاوہ نہیں ہوا، کلب کرکٹ ہماری بہت پیچھے رہ گئی ہے، میری کوشش ہے کہ کرکٹ پربات ہو۔ کارکردگی اچھی ہوگی توہی سپانسرکہ توجہ مبذول ہوگی، کاروباری افرادچاہیں توکرکٹ اکانومی بہترہوسکتی ہے، قومی کرکٹ ٹیم کونمبرون بنانے کیلئے کام کرتے رہیں گے۔ مقامی کاروباری افرادکی کرکٹ سے متعلق معاونت زیادہ نہیں، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے جانے سے دو باتوں کا اندازہ ہوا، اگر ٹیم بہترین ہوگی تو کوئی ٹیم واپس نہیں جائیگی۔ ہم چاہتے ہیں بزنس کمیونٹی بتائے ہم کس طرح اوپر جاسکتے ہیں ، جب تک میں ہوں صرف کرکٹ پر بات ہوگی۔ ہمیں ملک کے دوردراز علاقوں میں ٹیلنٹ ڈھونڈنے کی ضرورت ہے، ہمیں لاڑکانہ سے شاہنواز دہانی جیساسپرسٹارملاہے، سکول کرکٹ پرخاص توجہ دیجارہی ہے، سکول کرکٹ سے متعلق کچھ دنوں میں اچھی خبر ملے گی۔

ای پیپر-دی نیشن