امریکی نائب وزیر خارجہ کی آج پاکستان آمد: کرونا ٹیسٹ‘ جسمانی تلاشی سے استثنیٰ
راولپنڈی‘ اسلام آباد (سٹاف رپورٹر/ اکمل شہزاد + نامہ نگار) امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین آج 2 روزہ دورے پر 7 رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان آئیں گی۔ امریکی وفد کے استقبال کے لیے وزارت خارجہ نے ایوی ایشن ڈویژن کو مراسلہ جاری کردیا۔ وزارت خارجہ کی جانب سے ایوی ایشن ڈویژن کو بھیجے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ امریکی وفد کی جسمانی تلاشی نہ لی جائے۔ آمد اور روانگی کے موقع پر اسٹیٹ لائونج مختص کیا جائے، امریکی وفد کی آمد پر پی سی آر ٹیسٹ سے بھی استثنیٰ دیا جائے۔ وفد آج رات آٹھ بجے چارٹر طیارے آر او جے 023 کے ذریعے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرے گا۔ وفد کو آنے جانے دونوں وقت کرونا ٹیسٹ سے استثنیٰ ہو گا۔ سکیورٹی اور دیگر انتظامات کیلئے سکیورٹی اداروں اور امریکن ایمبیسی کی سکیورٹی کے ساتھ تعاون کیلئے خصوصی افسر تعینات کیا جائے گا۔