• news

سیاستدانوں کا حساس اداروں کو نشانہ بنانہ افسوسناک


تجزیہ:محمد اکرم چودھری
حساس ادارے پاکستان کے مفادات کو سامنے رکھ کر کام کرتے ہیں۔ آئی ایس آئی پاکستان کا قابل فخر ادارہ ہے۔ آئی ایس آئی نے ہمیشہ ملکی مفادات کو اہمیت دیتے ہوئے کام کیا ہے۔ سیاست دانوں کی طرف سے سیاسی مفادات اور سیاسی مقاصد کے لیے حساس اداروں کو نشانہ بنانا افسوسناک ہے۔ سابق ڈی جی آئی ایس آئی نے اپنے دور میں بہترین انداز میں کام کرتے ہوئے اندرونی و بیرونی سطح پر بہترین انداز میں قومی مفادات کی حفاظت کرتے ہوئے کام کیا ہے۔ آئی ایس آئی کی تاریخ میں کئی سربراہ آئے ہیں لیکن جنرل حمید گل کے بعد لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو سب سے زیادہ اہمیت دی جائے گی۔ دونوں سربراہان نے اپنے اپنے وقت میں پاکستان کے دفاع کو مضبوط بنانے اور پاکستان کے دشمنوں کا مقابلہ کرنے کے لیے بہترین حکمت عملی اختیار کی۔ سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو مسلم لیگ نون اور بالخصوص اس جماعت کے ایک مخصوص گروہ کی طرف سے نشانہ بنایا گیا ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ حساس ادارے کسی بھی ملک کی دفاعی اعتبار سے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں لیکن بدقسمتی سے ہماری اپوزیشن کی ایک بڑی جماعت کا پلیٹ فارم صرف اور صرف افواج پاکستان کو سیاست میں شامل کرنے پر استعمال ہو رہا ہے۔ اس مہم کا مقصد دنیا کو ہمارے سیاسی نظام پر انگلیاں اٹھانے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ مسلم لیگ کا ایک مخصوص گروہ پاکستان کے دشمنوں کی ہمدردیاں حاصل کرنے کے لیے ملکی دفاع کو یقینی بنانے کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے فوجی جوانوں کی قربانیوں کو نظر انداز کر رہا ہے۔ سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید نے ہر کام پاکستان کے بہترین مفاد کو مد نظر رکھ کر کیا ہے۔ ملک میں امن و امان کی بحالی، بیرونی دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنانے میں آئی ایس آئی کا کردار اہم رہا ہے۔ بھارت مسلسل پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہے دشمن کی سازشوں کو بے نقاب کرنے اور دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے دن رات محنت کی گئی ہے۔ افغانستان کے معاملات کو دیکھیں تو سمجھ آتی ہے کہ پاکستان اپنے مفادات کی حفاظت کرتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے۔ چین کے ساتھ تعلقات مضبوط تر ہو رہے ہیں۔ چین، ایران، افغانستان اور روس کے ساتھ مل کر پاکستان بہتر مستقبل کی طرف سفر کر رہا ہے۔ یہ سب کامیابیاں اداروں کی محنت کا نتیجہ ہیں۔ پاکستان کا ہر شہری افواج پاکستان اور اپنے اداروں کے ساتھ کھڑا ہے اور دشمن کے ہر حملے کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

ای پیپر-دی نیشن